پاکستان ستمبر میں ایشین بیچ گیمز میں شرکت کرےگا،گیمز 23 ستمبر سے 3 اکتوبر تک ویتنام میں منعقد ہوں گے

اسلام آباد ۔ 12 ستمبر(اے پی پی) پاکستان رواں برس شیڈول ایشین بیچ گیمز میں شرکت کرے گا، میگا گیمز 23 ستمبر سے 3 اکتوبر تک ویتنام میں منعقد ہوں گے۔ دو ہفتوں تک جاری رہنے والے گیمز میں 45 ایشیائی ممالک سے 5 ہزار کے قریب ایتھلیٹس کی شرکت متوقع ہے اور ایتھلیٹس 12 مختلف کھیلوں کے مقابلوں میں طلائی تمغوں کے حصول کیلئے اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گے۔ گیمز کے حوالے سے شریک ممالک کے چیف ڈی مشنز کا اجلاس بھی گزشتہ ہفتے ویتنام میں منعقد ہوا تھا جس میں سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری احمد علی راجپوت نے ملک کی نمائندگی کی تھی۔ منتظمین کا کہنا ہے کہ گیمز کے کامیاب اور یادگار انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے تیاریاں زوروشور سے جاری ہیں جنہیں بروقت مکمل کر لیا جائے گا۔