اسلام آباد ۔ 26 دسمبر (اے پی پی) پاکستان سمیت ایشیاءبھر میں جمعرات کو 20 سال بعد طویل سورج گرہن دیکھا گیا، جس کا مختلف شہروں میں دورانیہ مختلف رہا۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، کراچی، پشاور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں سورج گرہن دیکھا گیا۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سورج گرہن کا آغاز صبح 7 بج کر 50 منٹ پر ہوا اور 8 بج کر 57 …
پاکستان سمیت ایشیاءبھر میں 20 سال بعد طویل سورج گرہن، اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، کراچی، پشاور سمیت مختلف شہروں میں سورج گرہن دیکھا گیا

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 26 دسمبر (اے پی پی) پاکستان سمیت ایشیاءبھر میں جمعرات کو 20 سال بعد طویل سورج گرہن دیکھا گیا، جس کا مختلف شہروں میں دورانیہ مختلف رہا۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، کراچی، پشاور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں سورج گرہن دیکھا گیا۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سورج گرہن کا آغاز صبح 7 بج کر 50 منٹ پر ہوا اور 8 بج کر 57 منٹ پر سورج گرہن مکمل جبکہ 10 بج کر 15 منٹ پر اختتام پذیر ہوا۔ کراچی سے صبح 7 بج کر 37 منٹ پر ہوا، 8 بج کر 58 منٹ پر سورج گرہن کو واضح طور پر دیکھا گیا۔ شہر قائد میں سورج گرہن کا دورانیہ 2 گھنٹے 32 منٹ رہا، 10 بج کر 19 منٹ پر سورج گرہن ختم ہوگیا، حیرت انگیز نظارہ دو گھنٹے 40 منٹ تک جاری رہا۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں سورج گرہن 7 بج کر 47 منٹ پر شروع ہوا اور 8 بج کر 58 منٹ پر مکمل ہوا، گرہن 10 بج کر 19 منٹ پر ختم ہوا، لاہور میں دورانیہ 2 گھنٹے اور 31 منٹ ہوا۔ کوئٹہ میں صبح 7 بجکر 39 منٹ پر سورج گرہن کا آغاز ہوا، 8 بج کر 48 منٹ پر گرہن مکمل ہوا، سورج گرہن کا اختتام 10 بجکر 8 منٹ پر ہوا، سورج کو 64 فیصد گرہن لگا۔ پشاورمیں جزوی سورج گرہن 8 بجکر 56 منٹ پر ہوا جسے واضح طور پر دیکھا گیا، سورج گرہن کا دورانیہ 2 گھنٹے 25 منٹ رہا، سورج گرہن 10 بجکر 20 منٹ پر اختتام پذیر ہوگیا۔ پاکستان میں 20 سال بعد ایسا سماں دکھائی دیا، اس سے قبل پاکستان میں ایسا سوررج گرہن 1999 میں جزوی طور پر دیکھا گیا تھا۔ اس موقع پر تمام چھوٹے بڑے شہروں میں نماز کسوف ادا کی گئی اور آفات سے نجات‘ ملک اور قوم کی سلامتی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سورج گرہن کے وقت فیصل مسجد میں نماز کسوف ادا کی گئی جبکہ شہر کی مخلتف جامع مساجد میں بھی نماز کسوف کے اجتماعات ہوئے۔ نماز کسوف میں شہریوں کی بڑی تعداد میں شرکت کی۔







