اسلام آباد۔28اکتوبر (اے پی پی):پاکستان سنگل ونڈو اور ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹڈاپ) نے خدیجہ ویمن انٹرپرینیورشپ پروگرام کے تحت کاروباری خواتین کے لیے بین الاقوامی تجارت کے نئے مواقع فراہم کرنے کے لیے باہمی اشتراک قائم کیا ہے۔ اس سلسلے میں پی ایس ڈبلیو، ٹڈاپ اور فیصل آباد ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے اشتراک سے فیصل آباد میں ایک معلوماتی پروگرام منعقد کیا گیا جس میں …
پاکستان سنگل ونڈو اور ٹی ڈی اے پی کا خدیجہ ویمن انٹرپرینیورشپ پروگرام کے تحت کاروباری خواتین کو بین الاقوامی تجارت کے مواقع فراہم کرنے کیلئے اشتراک

مزید خبریں
اسلام آباد۔28اکتوبر (اے پی پی):پاکستان سنگل ونڈو اور ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹڈاپ) نے خدیجہ ویمن انٹرپرینیورشپ پروگرام کے تحت کاروباری خواتین کے لیے بین الاقوامی تجارت کے نئے مواقع فراہم کرنے کے لیے باہمی اشتراک قائم کیا ہے۔ اس سلسلے میں پی ایس ڈبلیو، ٹڈاپ اور فیصل آباد ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے اشتراک سے فیصل آباد میں ایک معلوماتی پروگرام منعقد کیا گیا جس میں کاروباری خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس پروگرام کا مقصد خواتین کو عالمی تجارت میں درپیش جدید تقاضوں اور مواقع سے آگاہ کرنا تھا۔ سیشنز میں ماہرین نے سرحد پار تجارت، ای کامرس، ڈیجیٹل مارکیٹنگ، کسٹمز کے طریقہ کار، مالی وسائل تک رسائی اور ماحولیاتی پائیداری جیسے موضوعات پر تفصیلی گفتگو کی۔ اس موقع پر شرکا کو یہ سمجھایا گیا کہ کس طرح وہ اپنے کاروبار کو عالمی منڈیوں تک وسعت دے سکتی ہیں۔ٹڈاپ اپنی ویمن انٹرپرینیورشپ ڈویژن کے ذریعے طویل عرصے سے کاروباری خواتین کی معاونت کر رہا ہے جس میں مارکیٹ لنکیجز اور بین الاقوامی نمائشوں میں شرکت کے مواقع شامل ہیں۔
فیصل آباد میں پی ایس ڈبلیو کے ساتھ یہ اشتراک اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ خواتین نہ صرف عالمی تجارتی ضوابط کو بہتر طور پر سمجھ سکیں بلکہ عالمی خریداروں کے مقرر کردہ پائیداری کے معیار پر بھی پورا اتریں۔پاکستان سنگل ونڈو اپنے فلیگ شپ اقدام خدیجہ ویمن انٹرپرینیورشپ پروگرام کے ذریعے خواتین کو عالمی تجارت میں فعال کردار ادا کرنے کے لیے بااختیار بنا رہا ہے۔ یہ پروگرام حال ہی میں عالمی تجارتی تنظیم (ڈبلیو ٹی او) کی جانب سے جینڈر ایکوئیٹی ان ٹریڈ ایوارڈ حاصل کر چکا ہے جو اس کی کامیابی کا عالمی اعتراف ہے۔
پی ایس ڈبلیو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر آفتاب حیدر نے کہا کہ خدیجہ پروگرام کا عالمی سطح پر اعتراف اس بات کی علامت ہے کہ ہم کاروباری خواتین کو جدید ڈیجیٹل معیشت میں کامیابی کے لیے درکار علم اور مہارت فراہم کر رہے ہیں۔ ٹڈاپ کے ساتھ یہ شراکت داری خواتین کے کاروباروں کو عالمی سطح پر زیادہ مسابقتی بنانے کے ساتھ پاکستان کے تجارتی نظام میں شمولیت اور جدت کو فروغ دے رہی ہے۔مہمان خصوصی قرۃ العین، نائب صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے اپنے خطاب میں کہا کہ دنیا بھر میں اب وہ کاروبار کامیاب ہیں جو جدت، شمولیت اور پائیداری کو ساتھ لے کر چلتے ہیں۔
فیصل آباد کی خواتین کے پاس یہ بہترین موقع ہے کہ وہ ڈیجیٹل ٹولز اور پائیدار طریقوں کو اپناتے ہوئے تبدیلی کی قیادت کریں۔ خدیجہ پروگرام خواتین کے کاروباروں کو عالمی سطح پر کامیابی کے لیے تیار کرنے کی ایک شاندار کوشش ہے۔اس موقع پر ٹڈاپ ویمن انٹرپرینیورشپ ڈویژن کی ڈپٹی ڈائریکٹر ماہینہ غالب نے کہاکہ پی ایس ڈبلیو کے ساتھ اس اشتراک کے ذریعے ہم ملک بھر کی کاروباری خواتین کو زیادہ مواقع فراہم کر رہے ہیں، خصوصاً ان علاقوں کی خواتین کو جہاں وسائل اور مارکیٹ تک رسائی محدود ہے۔
تربیت، رہنمائی اور ڈیجیٹل تجارتی سہولت کاری کے ذریعے ہم یہ یقینی بنا رہے ہیں کہ خواتین نہ صرف پاکستان کی تجارتی ترقی کا حصہ ہوں بلکہ اس کی قیادت بھی کریں۔خدیجہ ویمن انٹرپرینیورشپ پروگرام پاکستان سنگل ونڈو کے وسیع وژن کا حصہ ہے، جس کا مقصد پاکستان کے تجارتی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا، خواتین کی زیرِ قیادت کاروباروں کو بااختیار بنانا اور انہیں عالمی سطح پر دیرپا کامیابی کے لیے تیار کرنا ہے۔








