پاکستان سٹاک ایکسچینج میں رجسٹرڈ اہم کمپنیوں کے منافع میں گزشتہ مالی سال کے دوران نمایاں اضافہ

153
Pakistan Stock Exchange

اسلام آباد۔24ستمبر (اے پی پی):پاکستان سٹاک ایکسچینج میں رجسٹرڈ اہم کمپنیوں کے منافع میں گزشتہ مالی سال کے دوران نمایاں اضافہ ریکارڈکیاگیا۔ پاکستان سٹاک ایکسچینج کی جانب سے جاری کردہ مالیاتی اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ مالی سا ل کے دوران کے ایس ای ہندرڈ انڈکس کے تحت رجسٹرڈ کمپنیوں کو مجموعی طور پر 16کھرب 9 ارب 11 کروڑ 20 لاکھ روپے کا خالص منافع حاصل ہوا ہے جو مالی سال کے 2023 کے مقابلہ میں 35 فیصد زیادہ ہے۔ مالی سال 2023 میں سٹاک ایکسچینج میں رجسٹرڈ اہم کمپنیوں کو 12کھرب 93 ار ب 60 کروڑ 22 لاکھ روپے کا خالص منافع حاصل ہوا تھا۔

گزشتہ مالی سال کی آخری سہ ماہی میں ان کمپنیوں کو 3کھرب 55 ارب 62 کروڑ 60 لاکھ روپے کا خالص منافع حاصل ہوا جو مالی سال 2023 کی آخری سہ ماہی کے مقابلہ میں 11 فیصد زیادہ ہے۔گزشتہ مالی سال کےدوران بینکوں کو سب سے زیادہ 5 کھرب 90 ارب 63 کروڑ 60 لاکھ روپے کا خالص منافع حاصل ہوا جو مالی سال 2023 کے مقابلہ میں 35 فیصد زیادہ ہے۔ مالی سال 2023 میں بینکوں کو 4 کھرب 36 ارب 55 کروڑ 70 لاکھ روپے خالص منافع حاصل ہوا تھا۔ تیل و گیس کی تلاش و پیداوار والی کمپنیوں کو گزشتہ مالی سال کے دوران 4 کھرب 39 ارب 72 کروڑ 40 لاکھ روپے کا خالص منافع حاصل ہوا ہے جو مالی سال 2023 کے 4 کھرب 15 ارب 13 کروڑ 60 لاکھ روپے کے مقابلہ میں 6 فیصد زیادہ ہے۔

کھاد ساز کمپنیوں کو گزشتہ مالی سال کے دوران ایک کھر ب 40 ارب 56 کروڑ 70 لاکھ روپے کا خالص منافع حاصل ہوا جو مالی سال 2023 کے 76 ارب 48 کروڑ 80 لاکھ روپے کے مقابلہ میں 84 فیصد زیادہ ہے۔ اعدادوشمارکے مطابق بجلی کی کمپنیوں کو گزشتہ مالی سال کے دوران 92 ارب 61کروڑ روپے کا خالص منافع حاصل ہوا جو مالی سال 2023 کے 75ارب 24 کروڑ 90 لاکھ روپے کے مقابلہ میں 23 فیصد زیادہ ہے۔ سیمنٹ ساز کمپنیوں کو گزشتہ مالی سال کے دوران ایک کھرب 14 ارب 55 کروڑ روپے کا خالص منافع حاصل ہوا جو مالی سال 2023 کے 83 ارب 60 کروڑ روپے کے مقابلہ میں 38 فیصد کم ہے۔

خوراک تیارکرنے والی کمپنیوں کے منافع میں گزشتہ مالی سال کے دوران 14 فیصد اور کیمیکلز بنانے والی کمپنیوں کے منافع میں 13 فیصد کی کمی ریکارڈکی گئی۔ کارساز کمپنیوں کو گزشتہ مالی سال کے دوران 24 ارب 98 کروڑ 90 لاکھ روپے کا خالص منافع حاصل ہوا جو مالی سال 2023 کے 13ارب 42 کروڑ روپے کے مقابلہ میں 92 فیصد زیادہ ہے۔ آئل اینڈ گیس مارکیٹنگ کمپنیوں کو مالی سال 2024 کے دوران 33 ارب 31 کروڑ 40 لاکھ روپے خالص منافع حاصل ہوا ہےجو مالی سال 2023 کے 14ارب 82 کروڑ کے مقابلہ میں 137 فیصد زیادہ ہے۔ اسی طرح فارما کمپنیوں کے منافع میں سالانہ بنیادوں پر 77 فیصد کی نمو دیکھنے میں آئی ہے۔