پاکستان سپر لیگ 11 میں (کل) مزید دو میچوں کا فیصلہ ہو گا

پاکستان سپر لیگ سیزن 11 میں (کل) ہفتہ کو مزید دو میچوں کا فیصلہ ہو گا۔ پہلا میچ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور کراچی کنگزجبکہ دوسرا میچ لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کے درمیان کھیلا جائےگا۔

اسلام آباد۔24اپریل (اے پی پی):پاکستان سپر لیگ سیزن 11 میں (کل) ہفتہ کو مزید دو میچوں کا فیصلہ ہو گا۔ پہلا میچ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور کراچی کنگزجبکہ دوسرا میچ لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کے درمیان کھیلا جائےگا۔پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی )کے زیر اہتمام پی ایس ایل کے گیارہویں ایڈین کے دلچسپ مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے جس میں شائقین کرکٹ کو کانٹے دار میچز دیکھنے کو مل رہے ہیں۔

25 اپریل بروز ہفتہ کو لیگ کےشیڈول کے مطابق پہلے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور کراچی کنگز کی ٹیمیں قذافی سٹیڈیم لاہور میں مدمقابل ہوں گی۔ یہ میچ دوپہر 2 بجکر 30 منٹ پر شروع ہو گا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم مایہ ناز آل رائونڈر سعود شکیل کی زیر قیادت میدان میں اترے گی، دیگر نمایاں کھلاڑیوں میں ثام ہارپر،ریلی روسو،حسن نواز،خواجہ نافع،بیون جیکبز،جہانداد خان،کاشف بھٹی،خلیل احمد،ابرار احمد اورعثمان طارق شامل ہیں۔

کراچی کنگز کی ٹیم آسٹریلوی بلے باز ڈیوڈ وارنر کے زیر قیادت میدان میں اترے گی جبکہ دیگر نمایاں کھلاڑیوں میں جیسن رائے، سلمان آغا، رضا ہینڈرکس، اعظم خان (وکٹ کیپر)، معین علی، خوشدل شاہ،حسن علی، زاہد محمود، رضوان اللہ اور محمد حمزہ شامل ہیں۔اسی طرح ہفتہ کو دوسرا میچ لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کے درمیان اسی مقام قذافی سٹیڈیم لاہور میں ہی کھیلا جائے گا۔لاہور قلندرز کو مایہ ناز آل رائونڈرشاہین شاہ آفریدی لیڈ کریں گے۔

اس ٹیم میں فخر زمان،محمد نعیم،عبداللہ شفیق،حسیب اللہ خان (وکٹ کیپر)سکندر رضا،آصف علی،ڈنتھ ویلالج،اسامہ میر،عبید شاہ اور مستفیض الرحمان جیسے بہترین کھلاڑی شامل ہیں۔ پشاور زلمی کو مایہ ناز بلے باز بابراعظم لیڈ کریں گے۔ اس ٹیم میں مائیکل بریسویل، کوسل مینڈس، آرون ہارڈی،افتخار احمد،شرف الاسلام اور عبد الصمد جیسے بہترین کھلاڑی شامل ہیں۔واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ 11 کا فائنل 3 مئی کو قذافی سٹیڈیم ،لاہور میں کھیلا جائے گا۔