دوحہ، قطر۔21نومبر (اے پی پی):پاکستان شاہینز نے ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز کے سیمی فائنل میں سری لنکا اے کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5 رنز سے شکست دے کر ایونٹ کے فائنل میں جگہ بنا لی۔ فیصلہ کن معرکے میں شاہینز کا مقابلہ بنگلہ دیش اے سے ہو گا جس نے پہلے سیمی فائنل میں انڈیا اے کو سپر اوور میں شکست دی تھی۔ ویسٹ اینڈ پارک انٹرنیشنل کرکٹ …
پاکستان شاہینز نے ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز کے سیمی فائنل میں سری لنکا اے کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5 رنز سے شکست دے کر ایونٹ کے فائنل میں جگہ بنا لی

مزید خبریں
دوحہ، قطر۔21نومبر (اے پی پی):پاکستان شاہینز نے ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز کے سیمی فائنل میں سری لنکا اے کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5 رنز سے شکست دے کر ایونٹ کے فائنل میں جگہ بنا لی۔ فیصلہ کن معرکے میں شاہینز کا مقابلہ بنگلہ دیش اے سے ہو گا جس نے پہلے سیمی فائنل میں انڈیا اے کو سپر اوور میں شکست دی تھی۔ ویسٹ اینڈ پارک انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا اے نے ٹاس جیت کر پاکستان شاہینز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ شاہینز نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 153 رنز بنائے۔ غازی غوری نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناقابل شکست 39 رنز بنائے جس میں دو چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ انہوں نے پانچ وکٹیں گرنے کے بعد سعد مسعود کے ساتھ چھٹی وکٹ میں اہم 47 رنز کی شراکت قائم کی۔
سعد مسعود نے 22 رنز اسکور کیے جن میں تین چوکے شامل تھے۔ احمد دانیال نے بھی آخری اوورز میں جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے تین چھکوں کی مدد سے 22 رنز بنائے جبکہ معاذ صداقت نے 23 رنز کی اننگز میں دو چھکے اور دو چوکے لگائے۔ دیگر بیٹرز میں محمد نعیم 16، کپتان عرفان خان 6، یاسر خان 6 اور محمد فائق 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ سری لنکا اے کی جانب سے پرامود مدوشان سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ تراوین میتھیو نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ہدف کے تعاقب میں سری لنکا اے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 148 رنز بنا سکی۔ سری لنکن بیٹرز نے مزاحمت تو کی مگر پاکستانی باؤلرز نے اہم لمحات میں وکٹیں حاصل کر کے میچ کا پلڑا اپنے حق میں رکھا۔
ملن رتنائیکے نے 40 رنز کی اننگز کھیلی جس میں پانچ چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ وشن ہلمباگے نے 29 اور لستھ کروسپولے نے 27 رنز اسکور کیے۔ سفیان مقیم نے بہترین باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 13 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ سعد مسعود نے بھی 18 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ احمد دانیال، عبید شاہ اور شاہد عزیز نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ سعد مسعود کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ واضح رہے کہ شاہینز نے اس سے قبل گروپ مرحلے میں عمان، بھارت اے اور متحدہ عرب امارات کے خلاف اپنے تینوں میچ جیتے تھے۔








