اسلام آباد۔4نومبر (اے پی پی):بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس (آئی ایس سی) کے لیے خصوصی ایلچی مصباح کھر نے کہا ہے کہ پاکستان عالمی پارلیمانی تعاون کے فروغ میں قائدانہ کردار ادا کر رہا ہے۔ وہ منگل کو پاکستان ٹیلی ویژن کے مارننگ شو ’’ورلڈ دس مارننگ‘‘ میں گفتگو کر رہی تھیں جہاں انہوں نے آئندہ منعقد ہونے والی بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس کے حوالے سے تفصیلات بیان کیں۔ مصباح کھر …
پاکستان عالمی پارلیمانی تعاون کے فروغ میں قائدانہ کردار ادا کر رہا ہے،مصباح کھر

مزید خبریں
اسلام آباد۔4نومبر (اے پی پی):بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس (آئی ایس سی) کے لیے خصوصی ایلچی مصباح کھر نے کہا ہے کہ پاکستان عالمی پارلیمانی تعاون کے فروغ میں قائدانہ کردار ادا کر رہا ہے۔ وہ منگل کو پاکستان ٹیلی ویژن کے مارننگ شو ’’ورلڈ دس مارننگ‘‘ میں گفتگو کر رہی تھیں جہاں انہوں نے آئندہ منعقد ہونے والی بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس کے حوالے سے تفصیلات بیان کیں۔ مصباح کھر نے بتایا کہ یہ کانفرنس چیئرمین سینیٹ پاکستان کی قیادت میں تشکیل دی گئی ایک نئی کثیرالجہتی عالمی پارلیمانی پلیٹ فارم ہے، جنہیں اس وقت پاکستان کے قائم مقام صدر اور آئی ایس سی کے بانی صدر ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایس سی کا تصور سیول میں اس سوچ کے ساتھ پیش کیا گیا کہ دنیا کے پارلیمان ایک پلیٹ فارم پر جمع ہو کر بدلتے ہوئے جیوپولیٹیکل منظرنامے اور مشترکہ عالمی چیلنجز کا اجتماعی طور پر مقابلہ کریں۔انہوں نے مزید بتایا کہ پینتالیس ممالک اس فورم کے تحت متحد ہو چکے ہیں تاکہ ان مسائل پر غور کیا جا سکے جو ہماری اجتماعی بقا کے لیے خطرہ بن رہے ہیں۔
مصباح کھر نے کہا کہ دنیا اس وقت ہائبرڈ وارفیئر، ماحولیاتی عدم استحکام، معاشی تقسیم اور معلومات کی مسخ شدگی جیسے سنگین خطرات سے دوچار ہے۔ہم ایک ایسے دور میں جی رہے ہیں جہاں سچ اور جھوٹ میں فرق کرنا مشکل ہوتا جا رہا ہے، اسی لیے آئی ایس سی جیسے پلیٹ فارمز کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کانفرنس کا بنیادی فلسفہ انسانیت کی وحدت پر مبنی ہے۔ جب آپ زمین کو خلا سے دیکھتے ہیں تو نہ کوئی سرحد نظر آتی ہے نہ کوئی تقسیم، صرف ایک انسانیت نظر آتی ہے ،یہی نظریہ آئی ایس سی کی اساس ہے: ایک نسلِ انسانی، ایک خاندان، ایک دنیا۔
مصباح کھر نے بتایا کہ بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس 11 اور 12 نومبر کو اسلام آباد میں منعقد ہوگی، جس کا مرکزی موضوع ’’امن، سلامتی اور ترقی‘‘ ہوگا، جو پاکستان کے وژنِ امن و تعاون سے مطابقت رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک تاریخی موقع ہے کہ پاکستان نہ صرف دنیا کو اپنے دروازے پر خوش آمدید کہہ رہا ہے بلکہ پوری قوم اس عالمی اجتماع کی میزبانی کے لیے متحد ہو رہی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ وزیرِ اعظم افتتاحی اجلاس سے خطاب کریں گے، صدرِ پاکستان غیر ملکی مندوبین کے اعزاز میں عشائیہ دیں گے جبکہ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اجلاس کی صدارت اور استقبالیہ ظہرانے کی میزبانی کریں گے۔اس کے علاوہ چاروں صوبائی اسمبلیوں کے اسپیکرز اور آزاد جموں و کشمیر کے نمائندے بھی شریک ہوں گے، جو قومی یکجہتی اور پاکستان کے عالمی امن کے عزم کی علامت ہوگا۔مصباح کھر نے آخر میں کہا کہ یہ کانفرنس دنیا کو یہ پیغام دے گی کہ پاکستان اپنے قومی مقصد اور عالمی ذمہ داری کے لیے ایک متحد اور پرعزم قوم ہے۔








