پاکستان علماء کونسل کے زیر اہتمام پانچویں عالمی سالانہ پیغام اسلام کانفرنس 10 اپریل کو ہو گی، حافظ طاہر اشرفی

355
Tahir Mahmood Ashrafi

اسلام آباد۔7اپریل (اے پی پی):چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ پاکستان علماء کونسل کے زیر اہتمام پانچویں عالمی سالانہ پیغام اسلام کانفرنس 10 اپریل کو اسلام آباد میں ہو گی، کانفرنس سے عالم اسلام کے اہم قائدین خطاب کریں گے ، کانفرنس میں مسلم امہ کی وحدت اور اتحاد کیلئےانتہا پسندی ، دہشت گردی اور فرقہ وارانہ تشدد کے خاتمے کیلئےمسلم ممالک کے درمیان تعاون کو بڑھانے اور پاکستان سعودی عرب کے تعلقات پر مقالہ جات پیش کئے جائیں گے ۔

جمعہ کو عالمی ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پانچویں عالمی پیغام اسلام کانفرنس ماضی کی کانفرنسوں کی طرح عالم اسلام کے علماء و مشائخ کی طرف سے اسلام کے پیغام امن و سلامتی ، وحدت اور اخوت کا ذریعہ بنے گی اور پاکستان کے برادر اسلامی ممالک سے تعلقات میں بہتری او ر استحکام کیلئے اہم کردار ادا کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت جو صورتحال فلسطین میں ہے اس پر خاموش نہیں رہا جا سکتا، مسلم دنیا اور عالمی دنیا کو اسرائیل اور ہندوستان کے مظالم کے خلاف آواز کو بلند کرنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ جو صورتحال فلسطین میں ہے ایسی ہی صورتحال سے مقبوضہ کشمیر دو چار ہے۔انہوں نے کہا کہ پیغام اسلام کانفرنس پاکستانی قوم اور فوج کی انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف خدمات کے حوالے سے بھی خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سعودی عرب ایران تعلقات کی بحالی سے پورے عالم اسلام میں ایک خوشی کی لہر دوڑی ہے اور پاکستان ان تعلقات کی بحالی کا خیر مقدم کرتا ہے ،

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب عالم اسلام کی وحدت اور اتحاد کا مرکز ہے اور پاکستان سعودی عرب کے تعاون کا شکر گزار ہے ۔ پاکستان سعودی عرب کے تعلقات ایمان اور عقیدے کے تعلقات ہیں ، ایران ہمارا پڑوسی اور برادر ملک ہے لہذا سعودی عرب ایران تعلقات کی بحالی کا ہر سطح پر خیر مقدم کیا گیا ہے اور موجودہ حالات میں سعودی عرب کی طرف سے ایک بار پھر پاکستان کے ساتھ بھرپور معالی تعاون پر پاکستان سعودی عرب کے تعاون کا شکر گزار ہے ،

انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اور پاکستان کی فوج اور سلامتی کے اداروں نے مل کر انتہا پسندی اور دہشت گردی کو شکست دی تھی ، پاکستان کے حالات میں بہتری کیلئے پاکستان علماء کونسل تمام سیاسی جماعتوں سے رابطے میں ہے اور پاکستان کے علماء و مشائخ کا ملک کے سلامتی کے اداروں اور افواج پاکستان کے ساتھ ہمیشہ تعاون رہا ہے اور رہے گا۔