پاکستان قومی ہاکی ٹیم آج5 ستمبر کو جمہوریہ کوریا کے لیے روانہ ہوگی۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کے مطابق ایف آئی ایچ ورلڈ کپ2026 کے لیے اعلان کردہ قومی سینئر ہاکی ٹیم کا سکواڈ ہی کوریا کا دورہ کرے گا اور یہی سکواڈ بعد ازاں ایشین گیمز میں بھی پاکستان کی نمائندگی کرے گا۔
پاکستان قومی ہاکی ٹیم آج جمہوریہ کوریا کے لیے روانہ ہوگی

مزید خبریں
لاہور۔5ستمبر (اے پی پی):پاکستان قومی ہاکی ٹیم آج5 ستمبر کو جمہوریہ کوریا کے لیے روانہ ہوگی۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کے مطابق ایف آئی ایچ ورلڈ کپ2026 کے لیے اعلان کردہ قومی سینئر ہاکی ٹیم کا سکواڈ ہی کوریا کا دورہ کرے گا اور یہی سکواڈ بعد ازاں ایشین گیمز میں بھی پاکستان کی نمائندگی کرے گا۔ اس حوالے سے سلیکشن کمیٹی نے قومی اسکواڈ میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں کی۔کوریا ہاکی ایسوسی ایشن کی جانب سے پاکستان قومی سینئر ہاکی ٹیم کے پری ایشین گیمز ٹریننگ کیمپ اور پریکٹس میچز کا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔
قومی ٹیم6 تا14 ستمبرتک جمہوریہ کوریا کا دورہ کرے گی، جہاں ایشین گیمز کی تیاریوں کے سلسلے میں قومی ٹیم کوریا کی ہاکی ٹیم کے ساتھ مشترکہ ٹریننگ سیشنز اور تین پریکٹس میچز میں حصہ لے گی۔شیڈول کے مطابق پاکستان قومی ٹیم5 ستمبر کو کوریا کے لیے روانہ ہوگی جبکہ 6 ستمبر کو کوریا پہنچے گی۔ 7 ستمبر کو قومی ٹیم کا کوریا کی ٹیم کے ساتھ جوائنٹ ٹریننگ سیشن ہوگا۔8 ستمبر کو پہلا پریکٹس میچ کھیلا جائے گا، 9 اور 10 ستمبر کو مشترکہ ٹریننگ سیشنز ہوں گے۔ 11 ستمبر کو دوسرا پریکٹس میچ کھیلا جائے گا،13 ستمبر کو پاکستان اور کوریا کے درمیان تیسرا پریکٹس میچ کھیلا جائے گا، جس کے بعد قومی ٹیم 14 ستمبر کی رات کوریا سے وطن واپس روانہ ہوگی۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ترجمان کے مطابق دورہ کوریا قومی کھلاڑیوں کے لیے ایشین گیمز جیسے اہم بین الاقوامی ایونٹ سے قبل اپنی تیاریوں کو حتمی شکل دینے کا اہم موقع ہوگا۔ مشترکہ ٹریننگ سیشنز اور پریکٹس میچز کے ذریعے کھلاڑیوں کو اپنی خامیوں پر قابو پانے، ٹیم کمبی نیشن بہتر بنانے اور کھیل کے مختلف شعبوں میں مزید بہتری لانے کا موقع ملے گا۔ ترجمان نے کہا کہ قومی ٹیم کے لیے کوریا کے خلاف پریکٹس میچز انتہائی اہمیت کے حامل ہیں، کیونکہ ان مقابلوں سے کوچنگ سٹاف کو کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے اور ایشین گیمز کے لیے حکمت عملی کو مزید بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن نے واضح کیا ہے کہ ایف آئی ایچ ورلڈ کپ2026 کے لیے جو قومی سکواڈ تشکیل دیا گیا تھا، وہی سکواڈ کوریا سیریز میں پاکستان کی نمائندگی کرے گا اور بعد ازاں یہی ٹیم ایشین گیمز میں بھی پاکستان کی نمائندگی کرے گی۔ سلیکشن کمیٹی کی جانب سے سکواڈ میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں کی گئی۔








