اسلام آباد۔7نومبر (اے پی پی):وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جو موسمیاتی تبدیلی کے شدید اثرات کا سامنا کر رہے ہیں، یہ مسئلہ اس وقت پوری دنیا کے لیے ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو کوپ 30 کانفرنس کے لیے پاکستان کے قومی موقف کے تعین سے متعلق …
کوپ 30 کانفرنس میں پاکستان متحدہ قومی موقف کے ساتھ شریک ہوگا، بیرسٹر دانیال چوہدری

مزید خبریں
اسلام آباد۔7نومبر (اے پی پی):وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جو موسمیاتی تبدیلی کے شدید اثرات کا سامنا کر رہے ہیں، یہ مسئلہ اس وقت پوری دنیا کے لیے ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو کوپ 30 کانفرنس کے لیے پاکستان کے قومی موقف کے تعین سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے کوپ 30 کانفرنس میں متحدہ قومی موقف کے ساتھ شرکت کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے معاشی اثرات سے نمٹنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور پاکستان عالمی سطح پر موسمیاتی انصاف کے حصول کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگرچہ پاکستان کا عالمی سطح پر کاربن کے اخراج میں حصہ صرف ایک فیصد ہے تاہم اس کے منفی اثرات سب سے زیادہ ہمارے ملک پر مرتب ہو رہے ہیں، ہر سال آنے والے تباہ کن سیلاب، جنگلات کی کٹائی اور دیگر ماحولیاتی مسائل اس بحران کو مزید سنگین بنا رہے ہیں۔ بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ دنیا کا ماحولیاتی نظام باہم جڑا ہوا ہے، لہٰذا ایک ملک میں ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات دوسرے ممالک تک پہنچتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ترقی یافتہ ممالک فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لیے استعمال ہونے والے وسائل کا کچھ حصہ موسمیاتی تبدیلی سے متاثرہ ممالک میں خرچ کریں تو اس کے زیادہ دیرپا اور موثر نتائج حاصل ہو سکتے ہیں۔
اجلاس میں قومی سطح پر موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے حکمت عملی، بین الاقوامی موسمیاتی فنڈز تک بہتر رسائی، فنڈز کے شفاف استعمال کے لیے نگرانی کے نظام کو مضبوط بنانے اور صوبائی سطح پر پالیسیوں کے موثر نفاذ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکا نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے خلاف جنگ میں تمام صوبوں کو یکساں طور پر شامل کیا جائے گا جبکہ پارلیمانی کمیٹیاں موسمیاتی فنڈز کے استعمال کی باقاعدہ نگرانی کریں گی۔
اجلاس میں پارلیمانی سیکرٹری دفاع زیب جعفر، چیئرمین قائمہ کمیٹی اطلاعات و نشریات پلین بلوچ، وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی ڈاکٹر شذرہ منصب علی خان کھرل، کنوینر قومی پارلیمانی ٹاسک فورس برائے پائیدار ترقی کے اہداف شائستہ پرویز اور پارلیمانی سیکرٹری قومی ورثہ و ثقافت فرح ناز اکبر سمیت متعدد ارکان پارلیمنٹ نے شرکت کی۔ یہ اجلاس پارلیمانی فورم برائے توانائی و معیشت اور متعلقہ پارلیمانی کمیٹیوں کے اشتراک سے منعقد ہوا جس میں ماہرین ماحولیات اور بین الاقوامی شراکت داروں نے بھی شرکت کی۔








