پاکستان میڈیکل کمیشن کے صدر ارشد تقی کا پریس کانفرنس سے خطاب

اسلام آباد ۔ 22 نومبر (اے پی پی)پاکستان میڈیکل کمیشن (پی ایم سی)کے صدر ارشد تقی نے کہا ہے کہ ہیلپ لائن اور کال سنٹر کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے، کوشش ہے کہ طلباءکی سہولت کیلئے تمام کام آن لائن ہو، 3500 سے زائد درخواستوں پر کام کر کے جامعات کے حوالے کر دی گئی ہیں، ڈاکٹروں اور طالبات کے مسائل حل کرنا ہماری ذمہ داری ہے، …

اسلام آباد ۔ 22 نومبر (اے پی پی)پاکستان میڈیکل کمیشن (پی ایم سی)کے صدر ارشد تقی نے کہا ہے کہ ہیلپ لائن اور کال سنٹر کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے، کوشش ہے کہ طلباءکی سہولت کیلئے تمام کام آن لائن ہو، 3500 سے زائد درخواستوں پر کام کر کے جامعات کے حوالے کر دی گئی ہیں، ڈاکٹروں اور طالبات کے مسائل حل کرنا ہماری ذمہ داری ہے، نادرا کے تعاون سے ایک نیا سسٹم ترتیب دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ پی ایم سی نے چار ہفتے سے کام شروع کر رکھا ہے، ہمارے دو چیلنج ہیں جن کو حل کرنا ہے جن میں ڈگری کی رجسٹریشن پہلا مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے 30 افراد کا عملہ رکھا ہے، رجسٹریشن کے مسئلے پر تیزی سے کام ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ 3500 سے زائد درخواستوں پر کام کر کے بروقت یونیورسٹیوں کے حوالے کر دی گئی ہیں، ہیلپ لائن اور ایک کال سنٹر قائم کیا جارہا ہے جو چوبیس گھنٹے رہنمائی کرے گا، ہماری کوشش یہی ہے کہ تمام کام آن لائن ہو تاکہ یہاں کسی کو آنے کی ضرورت نہ پڑے۔ انہوں نے کہاکہ رجسٹریشن کا طریقہ کار بہت پیچیدہ ہے جس کو آسان کرنے کیلئے کام کر رہے ہیں، ہم خود کالجز اور یونیورسٹیوں سے رابطے میں ہوں گے تاکہ یہاں لوگوں کو دور دراز سے آنا نہ پڑے۔ ارشد تقی نے کہاکہ نیشنل بینک کے ساتھ مل کر کام کیا تاکہ لوگ آن لائن استفادہ کر سکیں، نادرا سے بھی رابطہ کرکے ایک نیا سسٹم ترتیب دیا ہے۔ اس موقع پر پی ایم سی کے نائب صدر علی رضا نے کہاکہ ہم مسائل کو کم کرنے کیلئے آئے ہیں، ڈاکٹرز اور طالبات کے مسائل کو حل کرنا ہی ہمارا فرض ہے۔ انہوں نے کہاکہ کام نہیں رکے گا، داخلے ہو رہے ہیں جو دسمبر تک جاری رہیں گے۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ سال تمام سٹوڈنٹس کو بے شمار مسائل تھے جن کو کم کرنے کی کوشش کی گئی ہے، پاکستان میڈیکل کمیشن میں ایک مستقل سیکرٹری کی ابھی تعیناتی ہونی ہے، وقت کے ساتھ ساتھ ہم تمام مسائل کا حل نکال لیں گے۔