پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے، وزیرِ قانون پنجاب کی سکھ برادری کو بابا گرو نانک دیو جی کےجنم دن پر مبارکباد

لاہور۔5نومبر (اے پی پی):وزیرِ قانون پنجاب رانا محمد اقبال خان نے سکھ برادری کو بابا گرو نانک دیو جی کے 556 ویں جنم دن پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ بابا گرو نانک دیو جی نے انسانیت، محبت اور امن کا پیغام دیا، جو آج بھی پوری دنیا کے لیے رہنمائی کا سرچشمہ ہے۔ اپنےپیغام میں انہوں نے کہا کہ بابا گرو نانک کی تعلیمات مذہبی رواداری اور بھائی …

لاہور۔5نومبر (اے پی پی):وزیرِ قانون پنجاب رانا محمد اقبال خان نے سکھ برادری کو بابا گرو نانک دیو جی کے 556 ویں جنم دن پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ بابا گرو نانک دیو جی نے انسانیت، محبت اور امن کا پیغام دیا، جو آج بھی پوری دنیا کے لیے رہنمائی کا سرچشمہ ہے۔ اپنےپیغام میں انہوں نے کہا کہ بابا گرو نانک کی تعلیمات مذہبی رواداری اور بھائی چارے کی روشن مثال ہیں، جن پر عمل پیرا ہو کر معاشرے میں امن و ہم آہنگی کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بابا گرو نانک کے جنم دن کے موقع پر ننکانہ صاحب اور دیگر گوردواروں کے گرد سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، تاکہ یاتری پر امن ماحول میں مذہبی رسومات ادا کر سکیں۔

صوبائی وزیر قانون نے کہا کہ صوبہ بھر میں تمام مذہبی مقامات کی سکیورٹی فول پروف بنا دی گئی ہے اور سکھ یاتریوں کے تحفظ کے لیے پولیس اور ضلعی انتظامیہ مکمل طور پر متحرک ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تمام مذہبی اقلیتوں کو آئین کے تحت مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے، اور حکومت پنجاب اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ رانا محمد اقبال خان نے کہا کہ کرتارپور راہداری پاکستان کے بین المذاہب رواداری اور امن کے عزم کی روشن علامت ہے۔

انہوں نے کہا کہ مذہبی ہم آہنگی، قانون کی پاسداری اور اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ حکومت پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت پنجاب سکھ یاتریوں کی بہترین مہمان نوازی اور سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائے گی، تاکہ وہ اپنے مقدس تہوار کو پرامن اور خوشگوار ماحول میں منا سکیں۔