
اسلام آباد ۔ 15 اگست (اے پی پی) امریکی نژاد برطانوی خاتون کوہ پیما ونیسا اوبرائن نے کہا ہے کہ پاکستان میں بے حد محبت اور پذیرائی ملی ہے اور اب یہاں کی پہاڑیوں سے زیادہ یہاں کے لوگوں سے محبت ہو گئی ہے، خواتین کا کسی بھی شعبہ میں آگے بڑھنا ضروری ہے تاکہ مرد ان کی حوصلہ افزائی کریں، کے ٹو کو سر کرنا ہر کوہ پیما کی خواہش ہوتی ہے، کے ٹو سر کرنے سے بے حد خوشی ہوئی۔ منگل کو یہاں مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان اور اس کے لوگوں سے محبت کرتی ہیں اور اس ملک کا سفر کرنا اچھا لگتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام سے عوام کے رابطے ہونے چاہئیں، اس طرح کے رابطے قوموں کو قریب لانے کا سبب بنتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے ٹو سر کرنا ان کی زندگی کا ایک یادگار ترین لمحہ ہے۔ خواتین کے حوالہ سے ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ خواتین کو آگے آنا چاہئے اور مختلف شعبوں میں انہیں بڑھنا چاہئے، خواتین کا کسی بھی شعبہ میں آگے بڑھنا ضروری ہے تاکہ مرد ان کی حوصلہ افزائی کریں۔ انہوں نے کہا کہ مردوں کی مدد کے بغیر خواتین کیلئے مشکل ہوتا ہے کہ کوئی اہم کارنامہ سرانجام دیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ جب کے ٹو کی ٹاپ پر پہنچیں تو بہت پرجوش تھیں کیونکہ ہر بڑی کوہ پیما کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ کے ٹو کو سر کرے۔ انہوں نے کہا کہ اوپر جانے سے اترائی کا سفر مشکل ہوتا ہے آسان نہیں کیونکہ اگر معمولی سا بھی پاﺅں پھسل جائے تو وہ خطرناک ثابت ہو سکتا ہے، کوہ پیمائی کے علاوہ بھی پاکستان میں آیا کروں گی، پہاڑیوں سے زیادہ مجھے اس ملک کے عوام اچھے لگے ہیں اور میں یہاں آتی رہوں گی۔