پاکستان میں تعینات افغانستان کی کمرشل اتاشی محترمہ ثمینہ ودیرکا ہفتہ کو اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ

اسلام آباد ۔ 10 اگست (اے پی پی)پاکستان میں تعینات افغانستان کی کمرشل اتاشی محترمہ ثمینہ ودیر نے ہفتہ کو اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کا دورہ کیا اورپاکستان و افغانستان کے درمیان کاروبار اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے امور پر مقامی تاجر برادری کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ افغانستان کاروباری شعبے میں متعدد اصلاحات …

اسلام آباد ۔ 10 اگست (اے پی پی)پاکستان میں تعینات افغانستان کی کمرشل اتاشی محترمہ ثمینہ ودیر نے ہفتہ کو اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کا دورہ کیا اورپاکستان و افغانستان کے درمیان کاروبار اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے امور پر مقامی تاجر برادری کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ افغانستان کاروباری شعبے میں متعدد اصلاحات متعارف کرا رہا ہے تا کہ کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان اس وقت دوبارہ بحالی کی طرف گامزن ہے جس وجہ سے تعمیراتی شعبے میں بہت سی سرگرمیاں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کے مختلف صوبوں میں 19 انڈسٹریل ایریاز قائم ہیں جبکہ انڈسٹریل پارک میں ایک مربع میٹر زمین کی قیمت صرف 50 افغانی ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں صنعتی مشینری کی درآمد پر کوئی ڈیوٹی عائد نہیں ہے جبکہ خام مال کی درآمد پر ٹیرف صرف ایک فیصد ہے لہذا پاکستان کے سرمایہ کاروں کیلئے یہ اچھا موقع ہے کہ وہ افغانستان میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کریں۔ پاکستان کی تاجر وصنعتکار برادری کیلئے افغانستان میں زراعت، توانائی، معدنیات، فارماسوٹیکل، ٹیلی کمیونیکیشن اور قالین سازی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے عمدہ مواقع پائے جاتے ہیں۔ پاکستانی سرمایہ کار افغانستان میں سرمایہ کاری کر کے ان مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں سرمایہ کاری کر کے پاکستان کے سرمایہ کار وسطی ایشیاء کی مارکیٹ تک بہتر رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔ ثمینہ ودیر نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان کے ساتھ طورخم کراسنگ پوائنٹ کو 24 گھنٹے کیلئے کھول کر ایک اچھا فیصلہ کیا ہے اور کہا کہ چمن کراسنگ پوائنٹ پر بھی یہ سہولت بحال کی جائے جس سے دوطرفہ تجارت بہتر ہو گی۔ انہوںنے کہا کہ افغانستان کی تاجر برادری کو پاکستان کی مارکیٹ کے بارے میں بہتر معلومات ہیں لیکن پاکستان کی تاجر برادری کو افغانستان کی مارکیٹ کے بارے میں بہت کم معلومات ہیں لہذا ضرورت اس امر کی ہے کہ وہ افغانستان کا دورہ کر کے وہاں اپنے لئے کاروبار کے مواقع تلاش کریں۔

مزید خبریں
جمہوریہ ترکیہ کے سفارتخانے کی جانب سے ترکیہ وظائف 2026 کیلئے منتخب پاکستانی طلبہ کے اعزاز میں تعارفی و رہنمائی پروگرام کا انعقاد
جمہوریہ ترکیہ کے سفارتخانے کی جانب سے ترکیہ وظائف 2026 کیلئے منتخب پاکستانی طلبہ کے اعزاز میں تعارفی و رہنمائی پروگرام کا انعقاد اسلام آباد۔30ستمبر (اے پی پی):پاکستان میں جمہوریہ ترکیہ کے سفارتخانے نے ترکیہ وظائف 2026 کے لیے منتخب پاکستانی طلبہ کے اعزاز میں تعارفی و رہنمائی پروگرام کا انعقاد کیا جس میں نئے منتخب طلبہ، ترکیہ میں زیر تعلیم رہنے والے سابق پاکستانی طلبہ اور سفارتخانے کے نمائندگان نے شرکت کی۔ ترکیہ وظائف حکومت جمہوریہ ترکیہ کی جانب سے بیرون ملک ترک باشندوں اور متعلقہ برادریوں کے امور کے ادارے کے ذریعے فراہم کیے جاتے ہیں جن کے تحت بین الاقوامی طلبہ کو ترکیہ کی ممتاز جامعات میں انڈر گریجویٹ، ماسٹرز اور ڈاکٹریٹ کی سطح پر تعلیم حاصل کرنے کے مواقع فراہم کیے جاتے ہیں۔ سال 2026ء میں پاکستان بھر سے 112 طلبہ کو ترکیہ وظائف کے لیے منتخب کیا گیا۔ اسلام آباد میں منعقدہ تعارفی پروگرام کا مقصد اسلام آباد اور گردونواح سے تعلق رکھنے والے منتخب طلبہ کو ترکیہ میں اعلیٰ تعلیم کے آغاز سے قبل ضروری معلومات اور رہنمائی فراہم کرنا تھا۔ پروگرام کا آغاز جمہوریہ ترکیہ کے سفیر کے خطاب سے ہوا۔ انہوں نے کامیاب امیدواروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے انہیں ترکیہ وظائف کے تعلیمی حلقے میں خوش آمدید کہا۔ سفیر نے ترکیہ اور پاکستان کے درمیان تعلیمی اور عوامی روابط کی اہمیت پر زور دیا اور طلبہ کو ترکیہ میں اپنے تعلیمی تجربے سے بھرپور استفادہ کرنے کی ترغیب دی۔ اس موقع پر ترک سابق طلبہ انجمن کے صدر نے بھی طلبہ سے خطاب کیا اور اپنے تجربات کی روشنی میں انہیں ترکیہ میں تعلیمی زندگی اور دستیاب مواقع سے آگاہ کیا۔ انہوں نے ترکیہ اور پاکستان کے درمیان دیرینہ دوستی اور تعلیمی روابط کے فروغ میں سابق طلبہ کے کردار کو اجاگر کیا۔ بعد ازاں سفارتخانے کے دفتر برائے تعلیمی مشاورت کی جانب سے طلبہ کے لیے خصوصی تعارفی نشست منعقد کی گئی جس میں پاکستان سے ترکیہ روانگی کی تیاری، ترکیہ پہنچنے کے بعد ابتدائی مراحل، جامعات میں تعلیمی و سماجی زندگی سے ہم آہنگی اور کامیاب تعلیمی سفر کے حوالے سے اہم رہنمائی فراہم کی گئی۔ پروگرام کے دوران منتخب طلبہ نے اپنا تعارف بھی کرایا اور اپنے تعلیمی پس منظر کے ساتھ ان ترک جامعات اور تعلیمی پروگراموں کے بارے میں بتایا جن میں وہ اپنی تعلیم جاری رکھیں گے۔ نشست نے طلبہ کو ایک دوسرے سے متعارف ہونے اور روانگی سے قبل ترکیہ وظائف کے سابق طلبہ اور دیگر اراکین سے رابطہ قائم کرنے کا موقع بھی فراہم کیا۔ سفارتخانہ ترکیہ نے تمام کامیاب امیدواروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کے تعلیمی سفر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ طلبہ پر زور دیا گیا کہ وہ ترکیہ اور پاکستان کے درمیان دیرینہ دوستی کی نمائندگی کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی اور عوامی روابط کو مزید مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ سفارتخانہ جمہوریہ ترکیہ نے ترکیہ وظائف 2026 کے تمام منتخب طلبہ کے لیے ان کی تعلیم اور مستقبل میں کامیابی کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔