پاسکو کی تحلیل کے بعد گلگت بلتستان میں گندم کی بلا تعطل فراہمی کیلئے پنجاب سے جی ٹو جی سطح پر خریداری کا فیصلہ

پاسکو کی تحلیل کے بعد گلگت بلتستان میں گندم کی بلا تعطل فراہمی کیلئے پنجاب سے جی ٹو جی سطح پر خریداری کا فیصلہ

گلگت۔ 30 ستمبر (اے پی پی):وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں پاسکو (PASCO) کی تحلیل کے بعد علاقے میں گندم کی خریداری، سٹاک کی دیکھ بھال اور ادائیگیوں کے معاملات سے نمٹنے کے لیے مختلف تجاویز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اس اجلاس کا بنیادی مقصد عوام کو گندم کی بلا تعطل اور باقاعدہ فراہمی کو ہر صورت یقینی بنانا تھا۔اجلاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے کہا کہ گلگت بلتستان کی گندم کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے پنجاب حکومت کے ساتھ جی ٹو جی (حکومت سے حکومت) کی سطح پر گندم کی خریداری کا طریقہ کار اپنایا جائے گا۔

اس کے ساتھ ساتھ وفاقی حکومت سے بھی خصوصی طور پر گندم کی فراہمی جاری رکھنے کے لیے وفاقی و پنجاب حکومتوں سے رابطہ قائم کیا جائے گا۔وزیر اعلیٰ نے صوبائی سیکرٹری خوراک کو ہدایت کی کہ وہ اسلام آباد میں گندم کے گودام کی توسیع اور نئے گودام کی تعمیر کے منصوبے پر ترجیحی بنیادوں پر فوری کام شروع کریں۔

انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ اس اہم منصوبے کو بروقت مکمل کرنے کے لیے تمام درکار مالی و انتظامی وسائل پہلے ہی فراہم کر دئیے گئے ہیں۔ اجلاس میں چیف سیکریٹری گلگت بلتستان، صوبائی سیکریٹری خزانہ، صوبائی سیکریٹری خوراک، سیکریٹری برائے وزیر اعلیٰ ودیگر متعلقہ آفیسران نے شرکت کی۔