پاکستان میں تمام اقلیتیں محفوظ ہیں، حکومت اقلیتی برادری کے مسائل کے حل کے لئے مسلسل کوشاں ہے، وفاقی وزیر انسداد منشیات اعجاز احمد شاہ کا مسیحی برادری کی تقریب سے خطاب

اسلام آباد۔24دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر انسداد منشیات بریگیڈیئر (ر) اعجاز احمد شاہ نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کی شدت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، احتیاطی تدابیر پر پہلے سے زیادہ عمل کرنے کی ضرورت ہے، پاکستان میں تمام اقلیتیں محفوظ ہیں، حکومت اقلیتی برادری کے مسائل کے حل کے لئے مسلسل کوشاں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو نکانہ صاحب کے علاقہ …

اسلام آباد۔24دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر انسداد منشیات بریگیڈیئر (ر) اعجاز احمد شاہ نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کی شدت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، احتیاطی تدابیر پر پہلے سے زیادہ عمل کرنے کی ضرورت ہے، پاکستان میں تمام اقلیتیں محفوظ ہیں، حکومت اقلیتی برادری کے مسائل کے حل کے لئے مسلسل کوشاں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو نکانہ صاحب کے علاقہ ینگسن آباد میں مسیحی برادری کے مستحق افراد میں کرسمس تحائف تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر انسداد منشیات نے مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت مسیحی برادری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی شدت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، احتیاطی تدابیر پر پہلے سے زیادہ عمل کرنے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر انسداد منشیات نے کہا کہ پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جس کے قومی پرچم میں اقلیتوں کو نمائندگی دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو برابر حقوق حاصل ہیں۔ اقلیتوں کو مساوی حقوق کی فراہمی ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اﷲ کی تمام مخلوقات برابر ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ امتیازی سلوک روا رکھا جا رہا ہے جبکہ بھارت کا کسانوں کے ساتھ سلوک پوری دنیا کے سامنے ہے۔ پی ڈی ایم کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے غبارے سے ہوا نکل چکی ہے، اپوزیشن کا جوش و جذبہ لاہور جلسہ کے بعد ختم ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن حکومت کو دی گئی ڈیڈ لائن میں مسلسل اضافہ کرتی جا رہی ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے اب 31 مارچ کی ڈیڈ لائن دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ این اے 118 کے دیہات میں بھی سوئی گیس فراہم کی جائے گی۔