اسلام آباد۔13نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائےقومی غذائی تحفظ رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ پاکستان میں زیتون کی کاشت کے لیے سازگار ماحول موجود ہے،حکومت ملکی طلب کو پورا کرنے اور قیمتی زرمبادلہ کے حصول کے لیے زیتون کی پیداوار پر توجہ دے رہی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ا’’البرکہ پاکستان اولیو سمٹ 2024 ‘‘سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ رانا تنویر حسین نے کہا کہ کسی بھی شعبہ کی ترویج کے لیے تحقیق کلیدی اہمیت کی حامل ہوتی ہے،زرعی شعبے کی ترقی کے لیے ملک میں زرعی تحقیق کے شعبے کو پروان چڑھانے کی ضرورت ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت ملکی طلب کو پورا کرنے اور قیمتی زرمبادلہ کے حصول کے لیے زیتون کی پیداوار پر خصوصی توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے، پاکستان عالمی منڈی میں زیتون کی معیاری مصنوعات برآمد کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
اس موقع پر البرکہ پاکستان اولیو سمٹ 2024 نے پاکستان کی زیتون کی صنعت کو آگے بڑھانے کے لیے اہم قومی اور بین الاقوامی ماہرین، پالیسی سازوں، اور صنعت کے رہنماؤں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا۔ سمٹ میں "زیتون کے شعبے کی ایک محفوظ، پائیدار اور برآمد کے لیے تیار سپلائی چین کی ترقی” کے موضوع کے تحت زیتون کی عالمی منڈی میں پاکستان کو ایک اہم کھلاڑی کے طور پر ابھرنے کی صلاحیت پر زور دیا گیا۔