پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالہ سے اعتماد میں اضافہ ہورہاہے، خرم شہزاد

وزیرخزانہ کے مشیرخرم شہزادنے کہاہے کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالہ سے اعتماد میں اضافہ ہورہاہے، ملک آئندہ برسوں میں ڈیجیٹل ترقی کے نئے مرحلے میں داخل ہونے جا رہا ہے۔

اسلام آباد۔11مارچ (اے پی پی):وزیرخزانہ کے مشیرخرم شہزادنے کہاہے کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالہ سے اعتماد میں اضافہ ہورہاہے، ملک آئندہ برسوں میں ڈیجیٹل ترقی کے نئے مرحلے میں داخل ہونے جا رہا ہے۔ بدھ کوسماجی رابطہ کی ویب سائٹ ایکس پراپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالہ سے اعتماد میں اضافہ ہورہاہے اور مقامی سرمایہ کاری کے بعد ملک میں عالمی سرمایہ کاری کیلئے بھی متحرک فضا بن گئی ہے ،پی آئی اے کی نجکاری سے مقامی سرمایہ کاروں نے پیش قدمی کی اور اب عالمی سرمایہ کاری بھی ملک کی جانب متوجہ ہونا شروع ہو گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ ملک میں فائیوجی سپیکٹرم کی نیلامی کامیابی کے ساتھ مکمل ہو گئی ہے جس کے نتیجے میں تقریباً 500 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری حاصل ہوئی ہے۔

یہ پیش رفت پاکستان کی تیزی سے بڑھتی ہوئی ڈیجیٹل معیشت میں عالمی دلچسپی کا واضح اشارہ ہے، فائیوجی سپیکٹرم نیلامی میں زونگ(چائناموبائل)،یوفون(اتصالات)اورجاز(وی آن گروپ)شامل تھے، یہ نیلامی حالیہ عرصے میں پاکستان میں آنے والی نمایاں خصوصاً ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونی کیشن کے شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے اشاروں میں سے ایک سمجھی جا رہی ہے، اس پیش رفت کی ایک اہم بات یہ بھی ہے کہ پاکستان میں پہلے سے موجود غیر ملکی سرمایہ کاروں نے بھی نئے اور بڑے مالی وعدوں کے ساتھ اپنے اعتماد کا اظہار کیا ہے۔خرم شہزادنے کہاکہ یہ پیش رفت پاکستان کی سرمایہ کاری کی فضا میں ایک اور اہم سنگِ میل کے بعد سامنے آئی ہے، جب 645 ملین ڈالر میں پی آئی اے کی نجکاری عمل میں آئی۔ اس معاہدے کو حالیہ عرصے میں مقامی سرمایہ کاروں کی جانب سے سب سے بڑی سرمایہ کاری قرار دیا جا رہا ہے جس سے ملک میں جاری معاشی اصلاحات پر بڑھتے ہوئے اعتماد کی عکاسی ہورہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ پی آئی اے کی نجکاری سے فضائی رابطوں کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی جبکہ فائیوجی سپیکٹرم نیلامی سے ڈیجیٹل معیشت میں رابطے مزیدتیزہوں گے اور اس کے نتیجے میں تیز رفتار انٹرنیٹ، ٹیکنالوجی میں جدت اور پورے پاکستان میں ڈیجیٹل خدمات کے فروغ کو تقویت ملے گی۔ خرم شہزادنے کہاکہ نیلامی میں کامیاب بولی دہندگان میں شامل جاز(وی آن گروپ)نے آئندہ تین برسوں کے دوران پاکستان میں مزید ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کااعلان کیاہے، اس سرمایہ کاری کا مقصد ملک میں ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کو وسعت دینا اور ٹیکنالوجی کے ماحولیاتی نظام کو مضبوط بنانا ہے،مزید ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان اس بات کا طاقتور اشارہ ہے کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کی رفتار تیزی سے بڑھ رہی ہے اور ملک آئندہ برسوں میں ڈیجیٹل ترقی کے نئے مرحلے میں داخل ہونے جا رہا ہے۔