پاکستان نیوکلیئر سوسائٹی کی ایگزیکٹو کونسل کے نومنتخب اراکین نے حلف اٹھا لیا

اسلام آباد۔24دسمبر (اے پی پی):پاکستان نیوکلیئر سوسائٹی (پی این ایس) کی ایگزیکٹو کونسل کے نومنتخب اراکین نے حلف اٹھا لیا ہے۔ حلف برداری کی تقریب جمعرات کو یہاں سادہ مگر پروقار انداز میں منعقد کی گئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان ایٹمی توانائی کمیشن کے چیئرمین محمد نعیم تھے جنہوں نے نومنتخب اراکین سے حلف لیا۔ پاکستان نیوکلیئر سوسائٹی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق تقریب سے خطاب کرتے …

اسلام آباد۔24دسمبر (اے پی پی):پاکستان نیوکلیئر سوسائٹی (پی این ایس) کی ایگزیکٹو کونسل کے نومنتخب اراکین نے حلف اٹھا لیا ہے۔ حلف برداری کی تقریب جمعرات کو یہاں سادہ مگر پروقار انداز میں منعقد کی گئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان ایٹمی توانائی کمیشن کے چیئرمین محمد نعیم تھے جنہوں نے نومنتخب اراکین سے حلف لیا۔ پاکستان نیوکلیئر سوسائٹی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان ایٹمی توانائی کمیشن کے چیئرمین محمد نعیم نے پاکستان کی سماجی و معاشی ترقی میں نیوکلیئر سائنسدانوں کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پی اے ای سی نے بجلی کی پیداوار کیلئے ایٹمی ذرائع سے استفادہ میں نمایاں اضافہ کیا ہے اور چشمہ کے مقام پر چار نیوکلیئر پاور پلانٹس جبکہ حال ہی میں کراچی کے قریب تعمیر کئے گئے دو پاور پلانٹس کے ٹو اور کے تھری سے بجلی پیدا کی جا رہی ہے اور یہ پلانٹ آئندہ سال میں بجلی کی باقاعدہ فراہمی شروع کر دیں گے۔ نیوکلیئر ذرائع سے قومی گرڈ کو 3500 میگاواٹ بجلی فراہم کی جا رہی ہے۔ پی این ایس کے نئے صدر ڈاکٹر امتنان الہٰی قریشی نے مستقبل میں عوام کو ایٹمی سائنس کے بارے میں آگاہی کے حوالہ سے سوسائٹی کا وژن پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ صحت، زراعت، صنعت، ماحولیات اور آبی وسائل میں ایٹمی توانائی سے استفادہ کیا جا رہا ہے۔ ڈاکٹر امتنان الہٰی قریشی نے کہا کہ سوسائٹی کے پلیٹ فارم سے پاکستان کے ایٹمی توانائی کے منصوبوں کی بھرپور معاونت کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پی این ایس نوجوان طلباءکو سائنس کی جانب متوجہ کرنے میں بھی کردار ادا کرے گی اور اس کے علاوہ تزویراتی ایشوز پر پالیسی سازی، ملک کے فیصلہ سازوں کی معاونت کے ساتھ ساتھ وزارت خارجہ اور عالمی سطح پر سائنس ڈپلومیسی پروگرامز میں شرکت کے ذریعے عالمی برادری کی توجہ حاصل کی جائے گی۔