23.8 C
Islamabad
ہفتہ, اپریل 19, 2025
ہومکھیل کی خبریںپاکستان نے آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرلیا،تھائی...

پاکستان نے آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرلیا،تھائی لینڈ ویمنز کو 87 رنز سے شکست دے دی

- Advertisement -

لاہور۔17اپریل (اے پی پی):پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کرلیا۔پاکستان ویمنز نے جمعرات کو آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائر میں تھائی لینڈ ویمنز کو 87 رنز سے شکست دے دی۔اس میچ کی خاص بات کپتان فاطمہ ثنا کی شاندار آل رائونڈ کارکردگی تھی جنہوں نے ناقابل شکست نصف سنچری بنانے کے بعد تین وکٹیں بھی حاصل کیں۔

یہ اس ٹورنامنٹ میں پاکستان کی مسلسل چوتھی کامیابی ہے ۔اس سے قبل اس نے آئرلینڈ کو38 رنز سے ، اسکاٹ لینڈ کو6 وکٹوں سے اور ویسٹ انڈیز کو 65 رنز سے شکست دی تھی۔اسطرح پاکستان نے8 پوائنٹس کے ساتھ کوالیفائی کرلیا۔پاکستان کا آخری میچ19 اپریل کو بنگلہ دیش کے خلاف ہے۔قذافی اسٹیڈیم لاہور میں جمعرات کے روز کھیلے گئے ڈے نائٹ میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور50 اوورز میں6 وکٹوں کے نقصان پر 205 رنز بنائے۔پاکستانی بولرز نے ایک بار پھر عمدہ کارکردگی دکھائی جس کے نتیجے میں تھائی لینڈ کی ٹیم34 اعشاریہ 4 اوورز میں 118 رنز بناکر آوٹ ہوگئی۔ پاکستان کی اننگز کی خاص بات سدرہ امین اور کپتان فاطمہ ثنا کی ذمہ دارانہ بیٹنگ تھی۔

- Advertisement -

سدرہ امین نے9 چوکوں کی مدد سے80 رنز اسکور کیے۔یہ ان کی ون ڈے انٹرنیشنل میں11 ویں نصف سنچری تھی۔کپتان فاطمہ ثنا ءنے62 رنز ناٹ آوٹ کی اہم اننگز کھیلی جس میں 6چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ یہ ون ڈے انٹرنیشنل میں ان کی تیسری نصف سنچری تھی۔ان دونوں نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں قیمتی97 رنز کا اضافہ ایک ایسے وقت میں کیا جب پاکستان کی4 وکٹیں صرف 85 رنز پر گر چکی تھیں۔ شوال ذوالفقار6 ، منیبہ علی 18عالیہ ریاض7 اور سدرہ نواز 11 رنز بناکر آوٹ ہوئیں۔

ڈیانا بیگ ایک چھکے کی مدد سے 10 رنز بناکر ناٹ آوٹ رہیں۔تھائی لینڈ کی طرف سے تھیپاچا پوتھا وونگ نے37 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔تھائی لینڈ کی بیٹرز کسی بھی مرحلے پر پاکستانی بولرز کے دبائو سے نہ نکل سکیں۔ ناناپ کونچا رونکائی 19 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہیں۔کپتان فاطمہ ثنا ءنے بیٹنگ کے بعد بولنگ میں بھی شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 39رنز دے کر3 وکٹیں حاصل کیں۔ نشرہ سندھو اور رامین شمیم نے بھی بالترتیب 19 اور 18 رنز دے کر تین تین وکٹیں حاصل کیں۔ سعدیہ اقبال نے ایک وکٹ حاصل کی ۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=583807

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں