پاکستان نے خطے کو تباہی اور دنیا کو جنگ کے خطرات سے بچانے کے لئے اہم اور مؤثر کردار ادا کیا ہے، کھیل داس کوہستانی

وزیر مملکت برائے مذہبی امور کھیل داس کوہستانی نے کہا ہے کہ پاکستان نے خطے کو تباہی اور دنیا کو جنگ کے خطرات سے بچانے کے لئے اہم اور مؤثر کردار ادا کیا ہے جسے تاریخ میں سنہری حروف سے یاد رکھا جائے گا۔جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایران ایک بہادر قوم ہے

اسلام آباد۔18جون (اے پی پی):وزیر مملکت برائے مذہبی امور کھیل داس کوہستانی نے کہا ہے کہ پاکستان نے خطے کو تباہی اور دنیا کو جنگ کے خطرات سے بچانے کے لئے اہم اور مؤثر کردار ادا کیا ہے جسے تاریخ میں سنہری حروف سے یاد رکھا جائے گا۔جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایران ایک بہادر قوم ہے اور پاکستان نے مشکل وقت میں اپنے برادر ملک کا بھرپور ساتھ دیا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں یہ تاثر مضبوط ہوا ہے کہ کوئی طاقتور ملک اپنی قوت کے بل بوتے پر کسی کمزور یا مظلوم قوم پر اپنی مرضی مسلط نہیں کر سکتا۔وزیر مملکت نے کہا کہ حالیہ سفارتی پیشرفت کے بعد دنیا ایک نئے رخ کی جانب گامزن ہوگی، جہاں جنگ کی بجائے امن، ترقی اور تعمیر کی بات ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس عمل میں عالمی رہنماؤں، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، ایران کی قیادت اور پاکستان کی قیادت نے مثبت کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ مخلص اور بصیرت افروز قیادت ہی مشکل حالات میں قوموں کی رہنمائی کرتی ہے اور حقیقی لیڈر وہی ہوتا ہے جو مشکلات سے نکالنے کی صلاحیت رکھتا ہو۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو یہ اعزاز حاصل ہوا ہے کہ اس نے دنیا کو درپیش ایک بڑے بحران کے حل میں معاونت کی۔انہوں نے وزیراعظم محمد شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے امت مسلمہ کے اتحاد اور خطے میں امن کے فروغ کے لئے قابل قدر کردار ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلمانوں کو آپس میں لڑانے کی سازش کو ناکام بنایا گیا اور بڑے پیمانے پر خونریزی کے خدشات کو ٹال دیا گیا۔وزیر مملکت نے امید ظاہر کی کہ امن کے قیام سے معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا، ترقی کا عمل تیز ہوگا اور اشیائے ضروریہ سمیت مختلف مصنوعات کی قیمتوں میں بھی کمی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت جنگ کا نہیں بلکہ امن، خوشحالی اور تعمیر و ترقی کا ہے۔

مزید خبریں