اسلام آباد۔2دسمبر (اے پی پی):روس کے شہر سخالین میں جاری ویٹ لفٹنگ فار ایسٹ کپ 2024 میں پاکستان کی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجموعی طور پر تیسری پوزیشن حاصل کر لی۔ ایونٹ میں پاکستان کے مختلف ویٹ لفٹرز نے میڈلز جیت کر ملک کا نام روشن کیا۔ویٹ لفٹر ہنزلہ دستگیر بٹ (واپڈا) نے 109 کلوگرام کیٹیگری میں کانسی کا تمغہ جیتا، جبکہ حیدر سلطان (آرمی) نے 61 کلوگرام کیٹیگری میں کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا۔ نوجوان ویٹ لفٹر حیدر شکیب نے انڈر 15 کی 96 کلوگرام کیٹیگری میں چاندی کا تمغہ حاصل کیا اور اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔
یہ یاد رہے کہ پاکستان کی پانچ رکنی ویٹ لفٹنگ ٹیم، محمد زبیر یوسف بٹ کی قیادت میں، فار ایسٹ کپ میں شرکت کے لیے 29 نومبر کو روس روانہ ہوئی تھی۔ ٹیم کو روانگی کے موقع پر پاکستان ویٹ لفٹنگ فیڈریشن کی عبوری کمیٹی کے کرنل (ر) ڈاکٹر حافظ ظفر اقبال، آفتاب بٹ اور سجاد امین نے نیک خواہشات کے ساتھ رخصت کیا تھا۔پاکستانی ٹیم میں شامل دیگر کھلاڑیوں میں دانیال آفتاب اور ہنزلہ دستگیر شامل ہیں، جبکہ ٹیم کے منیجر اور کوچ انٹرنیشنل پلیئر اور ریفری محمد زبیر یوسف بٹ ہیں۔
فار ایسٹ کپ 2024 میں پاکستان سمیت چین، جاپان، شمالی اور جنوبی کوریا، تھائی لینڈ، لاؤس، کمبوڈیا، ویتنام اور ملائیشیا کی ٹیموں نے حصہ لیا۔ ایونٹ کے دوران پاکستانی کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی نے عالمی سطح پر پاکستانی ویٹ لفٹنگ کے معیار کو اجاگر کیا۔