
دوشنبے ۔ 11 مئی (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف اور تاجکستان کے صدر امام علی رحمانوف نے بالخصوص تجارت، توانائی اور مواصلات کے شعبوں میں باہمی تعلقات کو تقویت دینے پر اتفاق کیا ہے۔ بدھ کو یہاں قصر ملت میں وفود کی سطح پر اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دونوں رہنماﺅں نے پاکستان اور تاجکستان کے درمیان حکومت اور عوام کی سطحوں پر قریبی اشتراک کار پر زور دیا۔ وزیراعظم کاسا 1000 کے آغاز کی تقریب میں شرکت کے لئے سہ پہر کو یہاں پہنچے تھے جو (کل) جمعرات کو منعقد ہوگی۔ وزیراعظم نواز شریف نے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان وسطی ایشیاءبالخصوص تاجکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے جو تمام وسطی ایشیائی ریاستوں میں جغرافیائی طور پر اس کے قریب ترین ہے۔