پاکستان ویمنز جونیئر ہاکی ٹیم نے 14 سال بعد جونیئر ایشیا کپ 2026 کے لئے کوالیفائی کر لیا،پی ایچ ایف

پاکستان ویمنز جونیئر ہاکی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 14 سال کے طویل انتظار کے بعد ویمنز جونیئر ایشیا کپ 2026 کے لئے کوالیفائی کر لیا۔

لاہور۔22جولائی (اے پی پی):پاکستان ویمنز جونیئر ہاکی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 14 سال کے طویل انتظار کے بعد ویمنز جونیئر ایشیا کپ 2026 کے لئے کوالیفائی کر لیا۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ترجمان وقاص شیخ کے مطابق ایشین ہاکی فیڈریشن نے باضابطہ طور پر پاکستان ہاکی فیڈریشن کو ایک رسمی خط کے ذریعے قومی ٹیم کی کوالیفکیشن کی تصدیق کی ہے۔ایشین ہاکی فیڈریشن کے صدر فومیو اوگورا کی جانب سے ارسال کیے گئے تہنیتی خط میں کہا گیا ہے کہ پاکستان ویمنز جونیئر ٹیم نے ویمنز جونیئر اے ایچ ایف کپ 2026 میں شاندار کھیل اور بہترین حتمی رینکنگ کی بدولت ایشیا کپ کے لئے کوالیفائی کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔صدر ہاکی فیڈریشن محی الدین احمد وانی نے اس تاریخی کامیابی پر قومی ویمنز جونیئر ٹیم اور مینجمنٹ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی پاکستان میں ویمنز ہاکی کی ترقی اور بحالی کی جانب ایک اہم سنگِ میل ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ قومی ٹیم جونیئر ایشیا کپ میں بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک کا نام روشن کرے گی۔