پاکستان ویمنز نے دوسرےٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں نیوزی لینڈ ویمنز کو 10 رنز سے ہرا کر سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی

167
Pakistan Women
Pakistan Women

ڈونیڈن۔5دسمبر (اے پی پی):پاکستان ویمنز نے دوسرے ٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں نیوزی لینڈ ویمنز کو 10 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔ عالیہ ریاض کی عمدہ بیٹنگ اور فاطمہ ثنا کی شاندار باؤلنگ نے پاکستان کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کر دیا۔ پاکستان ویمنز ٹیم کی نیوزی لینڈ کے خلاف 10 ٹی 20 انٹرنیشنل میچوں میں یہ مسلسل دوسری فتح ہے۔

عالیہ ریاض کو شاندار بیٹنگ پر میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔گرین شرٹس نے تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی ہے۔ یونیورسٹی اوول ، ڈونیڈن میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ ویمنز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ۔ پاکستان کی ویمنز ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 137 رنز بناکر میزبان کیوی ویمنز ٹیم کو میچ میں کامیابی کے لئے 138 رنز کا ہدف دیا۔

منیبہ علی نے 6 چوکوں کی مدد سے 35 رنز بنائے،عالیہ ریاض نے ناقابل شکست 32 رنز سکور کئےجن میں ایک چھکا اور تین چوکے شامل تھے۔بسمہ معروف 21 رنز بناسکیں۔نیوزی لینڈ ویمنز کی طرف سے فران جونزاور مولی پنفولڈ نے دو،دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ جواب میں پاکستان کی فاطمہ ثنا اور سعدیہ اقبال کی عمدہ بائولنگ کے باعث نیوزی لینڈ کی ویمنز ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 127 رنز بناسکی۔ ہننا رو33 اور جارجیا پلمر 28 رنز بناسکی۔

پاکستان ویمنز کی طرف سے عمدہ بائولنگ کرتے ہوئے فاطمہ ثنا نے تین جبکہ سعدیہ اقبال نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔یوں پاکستان ویمنز نے مسلسل دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں نیوزی لینڈ ویمنز ٹیم کو 10 رنز سے نہ صرف شکست دی بلکہ تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری بھی حاصل کرلی۔ عالیہ ریاض کو شاندار بیٹنگ پر میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔