پاکستان پوسٹ نے بین الاقوامی خطوط نویسی کے مقابلوں کیلئے 15 سال تک کی عمر کے طلباء سے خطوط طلب کرلئے،آخری تاریخ 15 مارچ مقرر

اسلام آباد ۔ 13 جنوری (اے پی پی) پاکستان پوسٹ نے سالانہ بین الاقوامی خطوط نویسی کے مقابلوں کیلئے باصلاحیت 15 سال تک کی عمر کے طلباء سے خطوط طلب کئے ہیں جس کی آخری تاریخ 15 مارچ 2020ء مقرر کی گئی ہے۔ خطوط نویسی کے بین الاقوامی مقابلوں کے انعقاد کا اقدام یونیورسل پوسٹل یونین (یو پی یو) کا ہے جس کا پاکستان پوسٹ ایک کلیدی رکن ہے۔ اس …

اسلام آباد ۔ 13 جنوری (اے پی پی) پاکستان پوسٹ نے سالانہ بین الاقوامی خطوط نویسی کے مقابلوں کیلئے باصلاحیت 15 سال تک کی عمر کے طلباء سے خطوط طلب کئے ہیں جس کی آخری تاریخ 15 مارچ 2020ء مقرر کی گئی ہے۔ خطوط نویسی کے بین الاقوامی مقابلوں کے انعقاد کا اقدام یونیورسل پوسٹل یونین (یو پی یو) کا ہے جس کا پاکستان پوسٹ ایک کلیدی رکن ہے۔ اس سال خطوط نویسی 2020ء کے مقابلوں کیلئے ”ایک نوجوان کو دنیا جہاں ہم رہتے ہیں، کے بارے میں خط لکھیں” کا موضوع رکھا گیا ہے۔ پیر کو پاکستان پوسٹ کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اس موضوع کے تحت نوجوانوں کو اپنے اردگرد کے ماحول اور دنیا سے متعلق اپنی رائے کے اظہار کا موقع ملے گا۔ یونیورسل پوسٹل یونین کی طرف سے تمام رکن ممالک کو ان مقابلوں میں قومی سطح کے مقابلے منعقد کرا کے شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ قومی سطح پر مقابلوں کے ذریعے منتخب کئے گئے بہترین خطوط کو یونیورسل پوسٹل یونین کو عالمی مقابلوں میں شامل کرنے کیلئے بھجوایا جائے گا۔ یونیورسل پوسٹل یونین رکن ممالک سے بھجوائے گئے منتخب کردہ بہترین خطوط 5 مئی 2020ء تک وصول کرے گی۔ رکن ممالک سے موصول ہونے والے خطوط کو یونیورسل پوسٹل یونین کے سوئٹرزلینڈ کے دارالحکومت برن میں ہونے والے مقابلوں شامل کیا جائے گا۔ یہ تمام خطوط قومی ڈاک کے ذریعے موصول ہونے چاہئیں۔ بین الاقوامی منصفین کا ایک گروپ بہترین خطوط کا انتخاب کرے گا۔ قومی سطح پر مقابلے جیتنے والوں کو پاکستان پوسٹ اول، دوئم اور سوئم انعامات بالترتیب 20 ہزار، 10 ہزار اور 5 ہزار روپے دے گا۔ انگریزی زبان میں بہترین خط کو یونیورسل پوسٹل یونین بھجوایا جائے گا۔ بین الاقوامی مقابلوں میں فاتحین کو سونے، چاندی اور کانسی کے تمغوں سے نوازا جائے گا اور ان کے نام اور خطوط سرکاری ڈاک ٹکٹوں کے البم میں شائع کئے جائیں گے۔