پاکستان پوسٹ نے عالمی یوم دستکاری کے موقع پر 10 جون 2026ء کو بلیو پاٹری کے تاریخی فن کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے خصوصی یادگاری ڈاک ٹکٹوں کا ایک سلسلہ جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔پاکستان پوسٹ کے ترجمان نے بتایا کہ اس اقدام کا مقصد پاکستان کے منفرد اور تاریخی روایتی ہنر کو اجاگر کرنا
پاکستان پوسٹ کا عالمی یوم دستکاری پر بلیو پاٹری کے موضوع پر یادگاری ڈاک ٹکٹوں کے اجراء کا اعلان

مزید خبریں
اسلام آباد۔9جون (اے پی پی):پاکستان پوسٹ نے عالمی یوم دستکاری کے موقع پر 10 جون 2026ء کو بلیو پاٹری کے تاریخی فن کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے خصوصی یادگاری ڈاک ٹکٹوں کا ایک سلسلہ جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔پاکستان پوسٹ کے ترجمان نے بتایا کہ اس اقدام کا مقصد پاکستان کے منفرد اور تاریخی روایتی ہنر کو اجاگر کرنا اور ملک کے شاندار ثقافتی و فنی ورثے کو نمایاں کرنا ہے۔بلیو پاٹری اپنی نیلگوں رنگت، نفیس پھولدار نقش و نگار اور اعلیٰ دستکاری کے لیے مشہور ہے۔ اس صدیوں پرانے فن کی جڑیں تاریخی شہر ملتان سے وابستہ ہیں اور یہ آج بھی پاکستان کی ثقافتی شناخت اور تخلیقی ورثے کی مضبوط علامت سمجھا جاتا ہے۔اس خصوصی اجراء کی نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ ڈاک ٹکٹوں کا ڈیزائن ابو عبیدہ ایاز نے تیار کیا ہے جنہیں پاکستان کے کم عمر ترین ڈاک ٹکٹ ڈیزائنر کے طور پر تسلیم کیا جاتا ہے۔ انہوں نے روایتی بلیو پاٹری کے ڈیزائنوں کو جدید انداز میں پیش کرتے ہوئے ثقافتی ورثے اور عصری فن کے درمیان خوبصورت امتزاج پیدا کیا ہے۔
پاکستان پوسٹ اس موقع پر تین یادگاری ڈاک ٹکٹوں کا سیٹ، ایک سووینئر شیٹ، فرسٹ ڈے کور، معلوماتی کتابچہ اور خصوصی فرسٹ ڈے کینسلیشن جاری کرے گا۔ترجمان کے مطابق پاکستان کی دستکاریاں ملک کی تخلیقی صلاحیتوں، تاریخ اور ثقافتی شناخت کی عکاس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ڈاک ٹکٹ ان ماہر فنکاروں کے لیے خراج تحسین ہیں جن کی محنت اور لگن نے اس قیمتی ورثے کو زندہ رکھا جبکہ نوجوان ڈیزائنر ابو عبیدہ ایاز کی صلاحیتوں کو بھی اجاگر کرتے ہیں جنہوں نے اس لازوال فن کے حسن کو اپنے ڈیزائن میں خوبصورتی سے سمویا ہے۔یادگاری ڈاک ٹکٹ اور متعلقہ فلاتیلی مواد 10 جون 2026ء سے ملک بھر کے منتخب ڈاک خانوں اور فلاتیلی بیوروز میں دستیاب ہوگا۔ پاکستان پوسٹ نے ڈاک ٹکٹ جمع کرنے والوں، فنونِ لطیفہ کے شائقین اور عوام الناس کو دعوت دی ہے کہ وہ اس خصوصی اجراء کو حاصل کر کے بلیو پاٹری کے حسن اور دیرپا ثقافتی ورثے کا جشن منائیں۔








