پاکستان پوسٹ کے نئے ڈائریکٹر جنرل سکواڈرن لیڈر (ر) مقصود احمد نے عہدے کا چارج سنبھال لیا

پاکستان پوسٹ کے نئے ڈائریکٹر جنرل نے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔

اسلام آباد۔8جون (اے پی پی):پاکستان پوسٹ کے نئے ڈائریکٹر جنرل نے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔ پاکستان پوسٹ کے ڈائریکٹر جنرل کے دفتر سے جاری اعلامیہ کے مطابق گریڈ 21 کے سینئر سرکاری افسر سکواڈرن لیڈر (ر) مقصود احمد ایک تجربہ کار سول سرونٹ ہیں جنہیں تنظیمی اصلاحات، بین الاقوامی امور اور پیچیدہ سرکاری و ڈاک کے نظام کے انتظام میں مہارت حاصل ہے۔ وہ اس سے قبل پاکستان کی نمائندگی یونیورسل پوسٹل یونین (یو پی یو) اور ایشیا پیسیفک پوسٹل یونین (اے پی پی یو) سمیت مختلف بین الاقوامی فورمز پر کر چکے ہیں۔انہوں نے جامعہ کراچی سے بین الاقوامی تعلقات میں ماسٹرز ڈگری حاصل کی جبکہ نیشنل سکول آف پبلک پالیسی لاہور، پاکستان ایئر فورس اکیڈمی رسالپور اور سول سروسز اکیڈمی لاہور کے فارغ التحصیل بھی ہیں۔مقصود احمد کے پاس مجموعی طور پر 38 سالہ پیشہ ورانہ تجربہ ہے جس میں پاکستان ایئر فورس اور سول سروس دونوں میں خدمات شامل ہیں۔ سول سروس میں 26 سال کے دوران انہوں نے وفاقی اور صوبائی سطح پر متعدد اہم ذمہ داریاں نبھائیں۔ پاکستان پوسٹ میں وہ یونٹ، ریجن، سرکل اور ڈائریکٹوریٹ جنرل کی سطح پر مختلف عہدوں پر فائز رہے۔بین الاقوامی سطح پر انہوں نے دبئی، برن، تہران اور استنبول میں منعقدہ اہم پوسٹل کانگریسز اور اجلاسوں میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ وہ یونیورسل پوسٹل یونین کی مختلف انتظامی اور اصلاحاتی کمیٹیوں کے رکن بھی منتخب ہو چکے ہیں۔اپنے وژن کے بارے میں مقصود احمد کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان پوسٹ کو خسارے میں چلنے والے ادارے سے ایک پائیدار، موثر اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے آراستہ قومی ادارے میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔ ان کا مقصد عوام کو ان کی دہلیز پر معیاری اور قابل استطاعت ڈاک خدمات فراہم کرنا اور پاکستان پوسٹ کو عوام دوست اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ادارہ بنانا ہے۔