پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر اور سینیٹر شیری رحمان سے برطانوی رکن پارلیمنٹ لارڈ شفق محمد کی وفد کے ہمراہ ملاقات، خطے کی صورتحال، پاک بھارت کشیدگی اور مسئلہ کشمیر پر تفصیلی تبادلہ خیال

اسلام آباد۔30ستمبر (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر اور سینیٹر شیری رحمان سے برطانوی رکن پارلیمنٹ لارڈ شفق محمد نے اپنے وفد کے ہمراہ اہم ملاقات کی جس میں خطے کی صورتحال، پاک بھارت کشیدگی اور مسئلہ کشمیر پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔شیری رحمان نے اس موقع پر کہا کہ خطے میں امن، انصاف اور حقِ خودارادیت کے لیے اٹھنے والی ہر مثبت آواز کا خیر مقدم …

اسلام آباد۔30ستمبر (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر اور سینیٹر شیری رحمان سے برطانوی رکن پارلیمنٹ لارڈ شفق محمد نے اپنے وفد کے ہمراہ اہم ملاقات کی جس میں خطے کی صورتحال، پاک بھارت کشیدگی اور مسئلہ کشمیر پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔شیری رحمان نے اس موقع پر کہا کہ خطے میں امن، انصاف اور حقِ خودارادیت کے لیے اٹھنے والی ہر مثبت آواز کا خیر مقدم کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کے خلاف ڈٹ کر بولنے والوں کو سلام پیش کرتی ہوں جبکہ عالمی سطح پر کشمیری عوام کی وکالت کرنے والی شخصیات ہم سب کے لیے باعث فخر ہیں۔شیری رحمان نے بتایا کہ لارڈ شفق محمد اور برطانوی پارلیمانی وفد نے عالمی برادری کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی طرف مبذول کرائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی آبی جارحیت پر لارڈ شفق محمد کا پاکستانی موقف کو غیر جانبدار اور مضبوط انداز میں پیش کرنا خوش آئند ہے۔ ان کے مطابق سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے اور بھارت کا پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنا تشویشناک اور غیر ذمہ دارانہ رویہ ہے۔انہوں نے خبردار کیا کہ بھارت کو معاہدوں کی پاسداری کرنی ہوگی، ورنہ خطے میں کشیدگی مزید بڑھے گی۔ شیری رحمان نے یہ بھی کہا کہ لارڈ شفق محمد نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی میں پاکستان کے موقف کو بھرپور انداز میں اٹھایا اور پاکستانی دفاعی اقدامات کی حمایت کی جو قابل ستائش ہے۔

شیری رحمان نے زور دیا کہ پیپلز پارٹی اور چیئرمین بلاول بھٹو نے ہمیشہ کشمیری عوام کے حق میں آواز بلند کی ہے اور کشمیر پر پارٹی کی مستقل اور اصولی پالیسی قابل تعریف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کا رویہ روز بروز غیر ذمہ دارانہ اور متعصبانہ ہوتا جا رہا ہے۔ انہوں نے مودی سرکار پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کھیل جیسے غیر جانبدار میدان کو بھی سیاست کی بھینٹ چڑھا دیا گیا ہے، کھیل کو نفرت اور سیاسی ایجنڈے سے آلودہ کرنا شرمناک ہے۔شیری رحمان نے کہا کہ کرکٹ کے میدان میں حقیقت دنیا کے سامنے ہے جہاں شاہینوں نے دشمن کو ناکوں چنے چبوائے، اس لیے بھارت کے مظالم اور کالے قوانین کو چھپانا اب ممکن نہیں رہا۔

انہوں نے عالمی سطح پر ان کوششوں کو تاریخ ساز قرار دیا جو بھارتی اقدامات کو بے نقاب کر رہی ہیں۔ملاقات کے اختتام پر سینیٹر شیری رحمان نے مسئلہ کشمیر اور سندھ طاس معاہدے پر بھرپور انداز میں پاکستان کے موقف کو اجاگر کرنے پر لارڈ شفق محمد اور ان کے وفد کا شکریہ ادا کیا۔ وفد میں بیرسٹر تنویر، محبوب حسین، سعد علی، عائشہ شفق، مس عرینہ اور محمد عمران شامل تھے۔