استنبول۔4نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی قائمہ کمیٹی برائے اقتصادی و تجارتی تعاون (COMCEC) کے 41 ویں اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے او آئی سی کے رکن ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون، ڈیجیٹل انضمام اور پائیدار ترقی کی فوری ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ COMCEC کو امت مسلمہ میں مشترکہ خوشحالی کو آگے بڑھانے کے …
پاکستان کااسلامی تعاون تنظیم کی قائمہ کمیٹی برائے اقتصادی و تجارتی تعاون کے 41 ویں اجلاس میں مضبوط انٹرا او آئی سی اقتصادی انضمام اور ڈیجیٹل تعاون پر زور

مزید خبریں
استنبول۔4نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی قائمہ کمیٹی برائے اقتصادی و تجارتی تعاون (COMCEC) کے 41 ویں اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے او آئی سی کے رکن ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون، ڈیجیٹل انضمام اور پائیدار ترقی کی فوری ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ COMCEC کو امت مسلمہ میں مشترکہ خوشحالی کو آگے بڑھانے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم ہے۔وزارت تجارت کے مطابق اجلاس یکم تا 4 نومبر 2025 کے دوران استنبول میں منعقد ہو رہا ہے۔اجلاس سے خطاب کے اپنے ابتدائی کلمات میں وفاقی وزیر جام کمال خان نے کہا کہ ایک ایسے وقت میں اس معزز اجتماع سے خطاب کرنا اعزاز کی بات ہے جب دنیا کو گہرے اقتصادی، سیاسی اور ماحولیاتی چیلنجز کا سامنا ہے۔
اسلامی دنیا میں ہمارے لیے اقتصادی تعاون صرف تجارت سے متعلق نہیں ہے بلکہ یہ شراکت داری اور باہمی فائدے کے مضبوط بندھنوں کو استوار کرنے کے بارے میں ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی چیلنجوں پر قابو پانے کے لیے انٹرا او آئی سی تجارت اور سرمایہ کاری کو نمایاں طور پر مضبوط کرنا ہو گا۔ بے پناہ صلاحیت کے باوجود انٹرا او آئی سی تجارت اپنی صلاحیت سے کم ہے جس کی بڑی وجہ ریگولیٹری رکاوٹوں، محدود کنیکٹیویٹی اور بنیادی ڈھانچے کے خلا کے مسائل ہیں۔ انہوں نے نان ٹیرف رکاوٹوں کو کم کرنے، کسٹم کے طریقہ کار کو ہموار کرنے اور سامان اور خدمات کی آزادانہ نقل و حرکت کو فروغ دینے کے لیے رکن ممالک میں تجارتی ضوابط کو ہم آہنگ کرنے کی تجویز پیش کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی خواہش ہے کہ او آئی سی تجارتی معاہدہ کو تجارتی لبرلائزیشن اور سرحد پار سہولت کاری کا ایک حقیقی ذریعہ بننا چاہیے۔علاقائی تعاون کے لیے پاکستان کے عزم کو اجاگر کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے نجی شعبے کی زیادہ سے زیادہ شمولیت اور پبلک پرائیویٹ شراکت داری پر بھی زور دیا۔جام کمال خان نے رکن ممالک پر بھی زور دیا کہ وہ ڈیجیٹل تبدیلی کو ترجیح دیں۔ جس سے خاص طور پر ای کامرس، فن ٹیک اور ڈیجیٹل انفراسٹرکچر جیسے شعبوں میں نوجوانوں اور کاروباری افراد کے لیے مواقع کو بڑھانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل انضمام کو فروغ دے کر ہم مارکیٹ تک رسائی کو بڑھا سکتے ہیں اور جدت اور ترقی کے نئے امکانات پیدا کر سکتے ہیں۔
انہوں نے اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف (SDGs) کے لیے پاکستان کی لگن کا اعادہ کیا اور موسمیاتی لچکدار اور قابل تجدید توانائی کے منصوبوں کے لیے فنڈ کے لیے او آئی سی گرین فنانس میکانزم کے قیام کی تجویز پیش کی۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ہماری اقتصادی ترقی کو ماحولیاتی ذمہ داری کے ساتھ مل کر چلنا چاہیے تاکہ آنے والی نسلوں کی خوشحالی کو یقینی بنایا جا سکے۔ وفاقی وزیر نے مزید تجویز پیش کی کہ زراعت، مینوفیکچرنگ اور قابل تجدید توانائی جیسے شعبوں میں علوم کے تبادلے، استعداد کار میں اضافے اور اختراع کے لیے او آئی سی سنٹر آف ایکسی لینس قائم کیا جائے۔ سیشن کے دوران پاکستان نے ایشیا گروپ کی جانب سے ایک مشترکہ بیان بھی پیش کیا جس میں اقتصادی تعاون کو مضبوط بنانے اور او آئی سی ممالک کے درمیان ڈیجیٹل تبدیلی کو آگے بڑھانے کے لیے اجتماعی عزم کا اعادہ کیا گیا ہے۔
ایشیا گروپ کی نمائندگی کرتے ہوئے وفاقی وزیر جام کمال خان نے ترک حکومت اور صدر رجب طیب اردوان کی سیشن کی میزبانی کرنے اور مسلم ممالک کے درمیان اقتصادی یکجہتی کو فروغ دینے میں ان کی مسلسل قیادت کے لیے گہری ستائش کی۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ جہاں ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز تجارت، لاجسٹکس اور مالیاتی نظام کو کئی ایشیائی و او آئی سی ممالک میں تبدیل کر رہی ہیں، وہیں براڈ بینڈ کوریج، ڈیٹا گورننس اور سرحد پار ادائیگی کے نظام میں ڈیجیٹل تفاوت برقرار ہے۔انہوں نے رکن ممالک پر زور دیا کہ وہ محفوظ، لچکدار اور جامع ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کو مضبوط کریں اور چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے لیے شریعت کے مطابق مالیاتی حل کو فروغ دیں۔بیان میں او آئی سی اداروں جیسا کہ SESRIC، ISDB، ICDT، اور IOFS کے درمیان ڈیٹا پر مبنی تعاون پر زور دیا گیا ہے تاکہ شواہد پر مبنی پالیسی سازی کو فروغ دیا جا سکے جبکہ جامع اقتصادی ترقی کے کلیدی محرکات کے طور پر نوجوانوں کی شرکت اور ڈیجیٹل مہارتوں کی ترقی کی حوصلہ افزائی کی جائے۔
ایشیا گروپ نے ڈیجیٹل کسٹمز اور سنگل ونڈو سسٹمز کو اپنانے کے ذریعے 2025 تک او آئی سی کے 25 فیصد انٹرا او آئی سی تجارتی حصہ کے ہدف کو حاصل کرنے کے لیے حمایت کا اعادہ کیا اور علاقائی ڈیجیٹل ادائیگیوں اور تجارتی سہولت کاری کے پلیٹ فارم کی ترقی پر قریبی تعاون پر بھی زور دیا۔اپنے خطاب کے اختتام پر وفاقی وزیر نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ COMCEC کے رکن ممالک کی اجتماعی کوششیں ڈیجیٹل یکجہتی کو مضبوط بنائیں گی، اقتصادی تعاون کو وسعت دیں گی اور مسلم دنیا میں مشترکہ خوشحالی کو تیز کریں گی۔جام کمال خان نے اثبات میں کہا کہ ایک ساتھ مل کر، امت اسلامیہ کے طور پر ہم ایک ایسی معیشت تشکیل دے سکتے ہیں جو لچکدار، جامع اور آگے نظر آنے والی ہو۔








