پاکستان کا اقوامِ متحدہ اور افریقی یونین کے درمیان امن کے لیے مضبوط شراکت داری پر زور،پائیدار امن مقامی قیادت اور علاقائی تعاون سے ممکن ہے،سفیر عاصم افتخار احمد

اقوام متحدہ ۔8اکتوبر (اے پی پی):پاکستان نے اقوامِ متحدہ اور افریقی یونین کے درمیان مضبوط شراکت داری پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پائیدار امن صرف مقامی قیادت اور علاقائی تعاون سے ممکن ہے۔سلامتی کونسل میں "اقوامِ متحدہ اور علاقائی و ذیلی علاقائی تنظیموں کے درمیان تعاون" پر ہونے والی بحث میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے کہا کہ …

اقوام متحدہ ۔8اکتوبر (اے پی پی):پاکستان نے اقوامِ متحدہ اور افریقی یونین کے درمیان مضبوط شراکت داری پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پائیدار امن صرف مقامی قیادت اور علاقائی تعاون سے ممکن ہے۔سلامتی کونسل میں "اقوامِ متحدہ اور علاقائی و ذیلی علاقائی تنظیموں کے درمیان تعاون” پر ہونے والی بحث میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے کہا کہ یہ تعاون افریقی بحرانوں سے نمٹنے میں اہم رہا ہے، تاہم اب بھی ان بحرانوں کا ردعمل اکثر جغرافیائی سیاست، تجارتی مفادات اور انتخابی انسانی ہمدردی کے تناظر میں دیکھا جاتا ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ سلامتی کونسل کو بیرونی طور پر مسلط کیے گئے استحکام کے ماڈلز کی بجائے افریقی قیادت کے تحت مقامی طور پر تسلیم شدہ حل کی حمایت کرنی چاہیے۔انہوں نے کہاکہ پائیدار امن مسلط نہیں کیا جا سکتا اسے مقامی طور پر اپنایا جانا چاہیے اور علاقائی طور پر تقویت دی جانی چاہیے۔

انہوں نے تجویز دی کہ افریقی معاملات پر سلامتی کونسل میں فیصلہ سازی کی قیادت افریقی ممالک کو سونپی جائے تاکہ افریقا کے مسائل کے حل میں خود ان کی آواز فیصلہ کن ہو۔سفیر عاصم افتخار احمد نے بتایا کہ پاکستان افریقی ممالک کے ساتھ قراردادوں، پابندیوں اور امن مشنز کے مینڈیٹ کی تجدید پر قریبی مشاورت کرتا ہے اور وہاں دیرینہ امن مشنز کے ذریعے اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔