اسلام آباد۔2نومبر (اے پی پی):پاکستان نے بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر تسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ جموں و کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کے لئے کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔
دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے جمعرات کو پریس بریفنگ میں کہا کہ بھارتی قابض افواج مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری رکھے ہوئے ہیں، اکتوبر میں قابض فوج نے 17 کشمیریوں کو شہید اور 10 کو زخمی کیا۔ ترجمان نے کہا کہ دو سوسے زائد محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں اور گھروں پر چھاپوں کے دوران گھروں کو تباہ اور 78 افراد کو گرفتار کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ کارروائیاں گزشتہ کئی دہائیوں کے دوران مقبوضہ کشمیر میں قابض افواج کی طرف سے انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں کی عکاسی کرتی ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ تاریخ نے ثابت کیا ہے کہ انسانی حقوق کے مقامی حالات اور انسانی قانون کی منظم خلاف ورزیاں ناقابل تصور سانحات کا باعث بن سکتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر تسلط جموں و کشمیر میں اس طرح کے سانحے کو روکنے کے لئے کام کرنا چاہئے اور بھارت پر زور دینا چاہئے کہ وہ اپنا غیر قانونی قبضہ ختم کرے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد کرے جو کشمیر کے لوگوں کے حق خود ارادیت کو تسلیم کرتی ہیں۔