اسلام آباد۔31جنوری (اے پی پی):چیئرمین پاکستان کلچرل فورم اور سیکرٹری جنرل یوبی جی (ایف پی سی سی آئی )ظفر بختاوری نے کہا ہے کہ پاکستان کا ثقافتی ورثہ ہماری پہچان ہے
اور اس کے فروغ کے لئے تمام طبقات کو مل کر کام کرنا ہوگا،لوک ورثہ پاکستانی ثقافتی ورثے کے امین کے طور پر ایک اہم ادارہ ہے جسے پاکستان کی ثقافت، تہذیب اور روایات کو پوری دنیا میں روشناس کرانے کے لئے بہتر طریقے سے استعمال کرنے کی ضرورت ہے، موجودہ معاشی صورتحال میں فنڈز کی مناسب فراہمی نہ ہونے کی وجہ سے کئی اہم قومی ادارے اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر پا رہے ہیں، اس حوالے سے پرائیویٹ سیکٹر کو قومی اداروں کے تشخص کو آگے بڑھانے کے لئے آگے آنا چاہئے اور ان کے ساتھ مل کر ہمارے قومی ثقافتی اداروں کی بہتری کے لئے کام کرنا چاہئے،لوک ورثہ کے ساتھ مستقبل میں مزید مشترکہ منصوبے ترتیب دیئے جائیں گے جو پاکستان کے ثقافتی تشخص کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزلوک ورثہ ہیڈ کوارٹر کے دورے کے موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر مظفر علی برکی سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ لوک ورثہ آمد پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر لوک ورثہ مظفر علی برکی، ڈائریکٹر ریسرچ ڈاکٹر وقاص، ڈائریکٹر لوک ورثہ انوار الحق، ڈپٹی سیکرٹری نیشنل ہیریٹیج رانا یاسر عرفات اور ڈپٹی ڈائریکٹر میڈیا حرا انوار نے ظفر بختاوری کا استقبال کیا اور ادارے کی سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔ملاقات میں ثقافتی حوالے سے لوک ورثہ کے ذریعے پاکستان کے تشخص کو اجاگر کرنے کے لئے متعدد تجاویز پر غور کیا گیا۔ ظفر بختاوری نے لوک ورثہ کے مختلف اوپن ایئر تھیٹرز اور دیگر مقامات کا بھی جائزہ لیا اور ادارے کے ساتھ مل کر کام کرنے کے امکانات پر غور کیا۔ اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر لوک ورثہ مظفر علی برکی نے لوک ورثہ کے حوالے سے متعدد تجاویز پیش کیں اور کہا کہ ہم پاکستان کے کاروباری طبقے کی دلچسپی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور ان کے ساتھ مل کر متعدد منصوبوں پر کام کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لوک ورثہ کا بنیادی مقصد پاکستان کی ثقافتی شناخت کو محفوظ رکھنا اور اسے دنیا بھر میں متعارف کرانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری طبقے کی شمولیت سے ادارے کو مزید مستحکم کیا جا سکتا ہے۔ڈائریکٹر ریسرچ ڈاکٹر وقاص نے کہا کہ لوک ورثہ میں ثقافتی تحقیق کے حوالے سے اہم اقدامات کئے جا رہے ہیں اور ہماری کوشش ہے کہ پاکستانی ثقافت کے تمام پہلوؤں کو جامع انداز میں محفوظ کیا جائے۔
ڈائریکٹر لوک ورثہ انوار الحق نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ادارے میں مختلف علاقائی ثقافتوں کو یکجا کرنے کے لئے مختلف اقدامات کئے جا رہے ہیں جن میں مختلف ثقافتی میلے اور نمائشیں شامل ہیں۔ڈپٹی سیکرٹری نیشنل ہیریٹیج رانا یاسر عرفات نے کہا کہ حکومتی سرپرستی اور نجی شعبے کے تعاون سے لوک ورثہ مزید ترقی کر سکتا ہے اور پاکستان کی ثقافت کو عالمی سطح پر بہتر انداز میں اجاگر کیا جا سکتا ہے۔ڈپٹی ڈائریکٹر میڈیا حرا انوار نے کہا کہ میڈیا کے ذریعے لوک ورثہ کے اقدامات اور سرگرمیوں کو اجاگر کرنے کے لئے مزید کام کیا جائے گا تاکہ عوام کو ادارے کی اہمیت اور کام سے آگاہ کیا جا سکے۔