پاکستان کا مستقبل نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے، نوجوان ملک کی قیادت سنبھالنے کیلئے خود کو تیار کریں، رانا مشہود احمد خاں
پاکستان کا مستقبل نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے، نوجوان ملک کی قیادت سنبھالنے کیلئے خود کو تیار کریں، رانا مشہود احمد خاں

مزید خبریں
اسلام آباد۔11اگست (اے پی پی):وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے، نوجوان ملک کی قیادت سنبھالنے کیلئے خود کو تیار کریں، موسمیاتی تبدیلی کے بڑھتے ہوئے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے قومی سطح پر اجتماعی کوششوں اور رضاکارانہ سرگرمیوں کو فروغ دینا ہوگا۔منگل کو نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان 14 اگست کو اپنا 79واں یوم آزادی منانے جا رہا ہے، گزشتہ 79 برسوں کے دوران ملک کو مختلف چیلنجز کا سامنا رہا تاہم پاکستان کی صلاحیت اور نوجوانوں کا پوٹینشل بہت زیادہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف جلد ’’وژن 2047‘‘ کا اعلان کرنے جا رہے ہیں جس کا مقصد یہ واضح کرنا ہے کہ پاکستان کے قیام کے 100 سال مکمل ہونے پر ملک کو کس مقام پر دیکھنا ہے، اس وژن کی تشکیل میں نوجوانوں کی آراء کو خصوصی اہمیت دی جا رہی ہے۔رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ نیشنل یوتھ کونسل وزیراعظم کے یوتھ ایڈوائزری بورڈ کے طور پر کام کر رہی ہے اور ملک بھر سمیت دنیا کے مختلف حصوں میں مقیم پاکستانی نوجوانوں سے مشاورت کے ذریعے مستقبل کی حکمت عملی مرتب کی جا رہی ہے۔ انہوں نے نوجوانوں سے کہا کہ وہ اپنے آپ کو مستقبل کی قیادت کیلئے تیار کریں کیونکہ 2047ء تک آج کے نوجوان عملی اور پیشہ ورانہ زندگی میں ملک کی مختلف شعبوں میں قیادت کر رہے ہوں گے۔
انہوں نے موسمیاتی تبدیلی کو پاکستان کیلئے ایک بڑا چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک کو سیلاب، ہیٹ ویوز اور دیگر قدرتی آفات کا سامنا ہے، این ڈی ایم اے کی جانب سے جدید ٹیکنالوجی اور سائنسی بنیادوں پر آفات کے خطرات کی پیشگی نشاندہی اور تیاری قابل تحسین ہے۔چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام نے کہا کہ زندہ قومیں اپنے مسائل کا سامنا خود کرنا اور اپنے پائوں پر کھڑا ہونا سیکھتی ہیں، پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کیلئے بیرونی امداد کا انتظار کرنے کے بجائے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی کے ایسے اثرات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جن میں اس کا کردار محدود ہے تاہم ان چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ملک کو اپنی تیاری اور استعداد کار میں اضافہ کرنا ہوگا، ساتھ ہی عالمی برادری کو بھی موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کی ضرورت ہے۔
رانا مشہود احمد خاں نے بتایا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر ’’گرین یوتھ موومنٹ‘‘ کو مزید وسعت دی جا رہی ہے اور اب تک 137 جامعات اس پروگرام کا حصہ بن چکی ہیں، رواں سال مزید 50 سے 60 جامعات کو اس پروگرام میں شامل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جبکہ متعلقہ جامعات کے ملحقہ کالجوں اور سکولوں تک بھی اس پروگرام کو وسعت دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ نیشنل والنٹیئر کور کے تحت نوجوانوں کو قدرتی آفات سے نمٹنے اور ہنگامی صورتحال میں کردار ادا کرنے کیلئے تربیت دی جائے گی، رواں سال کم از کم ایک سے ڈیڑھ لاکھ تربیتیں مکمل کرنے کا ہدف ہے جبکہ آئندہ تین برسوں کے دوران 20 لاکھ نوجوانوں کو تربیت دینے کا منصوبہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ این ڈی ایم اے، یونیسیف اور دیگر شراکت دار اداروں کے تعاون سے ان علاقوں کی نشاندہی کی جا رہی ہے جہاں مستقبل میں موسمیاتی اور قدرتی آفات کے زیادہ خطرات ہیں، ان علاقوں میں رضاکاروں کو ترجیحی بنیادوں پر تربیت دی جائے گی۔چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان نہ صرف آفات سے نمٹنے میں اپنا کردار ادا کریں گے بلکہ ملک کی معاشی اور سماجی ترقی میں بھی قائدانہ کردار ادا کریں گے، حکومت نوجوانوں کو فنی تعلیم، روزگار اور دیگر مواقع فراہم کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اندر اور بیرون ملک نوجوانوں کیلئے روزگار اور وظائف کے وسیع مواقع موجود ہیں، وزیراعظم کا وژن واضح ہے کہ نوجوانوں کو میرٹ اور قابلیت کی بنیاد پر آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے جائیں اور انہیں سفارش یا دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت نہ پڑے۔
انہوں نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں پر زور دیا کہ وہ پاکستان کے نوجوانوں کی سرپرستی کریں اور انہیں دستیاب مواقع، تجربے اور وسائل سے فائدہ اٹھانے میں مدد دیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک کامیاب پاکستانی اگر صرف ایک نوجوان کا ہاتھ تھام لے تو اس کے ذریعے ملک میں ترقی اور مواقع کا ایک نیا سلسلہ شروع کیا جا سکتا ہے۔ رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ حکومت پاکستانی تارکین وطن کو ملک کے نوجوانوں سے جوڑنے کیلئے مختلف اقدامات کر رہی ہے تاکہ بیرون ملک مقیم پاکستانی اپنی مہارت، تجربے اور وسائل کے ذریعے نوجوانوں کی معاونت کرسکیں۔انہوں نے کہا کہ گرین یوتھ موومنٹ اور نیشنل والنٹیئر کور مستقبل میں صرف ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ یہ ملک کی قیادت کیلئے تیار نوجوانوں کی ایک مضبوط قوت بنیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں نوجوانوں کیلئے مواقع کے نئے دروازے کھل رہے ہیں اور پاکستان کا مثبت تشخص دنیا کے سامنے اجاگر ہو رہا ہے، نوجوان ان مواقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ ’’وژن 2047‘‘ پاکستان کے مستقبل کا وژن ہے اور اس کی کامیابی کیلئے نوجوانوں کو آگے بڑھ کر قیادت سنبھالنا ہوگی۔ پاکستان کا مستقبل نوجوانوں اور ان کے مثبت، تخلیقی اور جدت پسند ذہنوں سے وابستہ ہے۔رانا مشہود احمد خاں نے نیشنل والنٹیئر کور کے حوالے سے کہا کہ اس پروگرام کے تحت آئندہ چند ماہ میں ملک بھر میں بڑے پیمانے پر رضاکاروں کی تربیت کی جائے گی اور وہ خود بھی ان سرگرمیوں کی نگرانی کریں گے تاکہ تربیت کا عمل موثر انداز میں مکمل ہو اور نوجوانوں میں قومی خدمت، ذمہ داری اور قیادت کا جذبہ مزید مضبوط ہو۔
انہوں نے این ڈی ایم اے، یونیسیف، پاکستان بوائز سکائوٹس، پاکستان گرلز گائیڈز، ہائر ایجوکیشن کمیشن اور دیگر شراکت دار اداروں کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ مختلف اداروں کی مشترکہ کوششوں سے ملک گیر رضاکار فورس تشکیل دی جا رہی ہے جو قدرتی آفات کے خطرات سے نمٹنے اور قومی سطح پر نوجوانوں کو متحرک کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔







