کاروبار سہولت مرکز نے 6ماہ کے دوران 2ہزار902درخواستوں کا پروسس مکمل کرلیا، 347درخواستیں منظور

وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن کے مطابق بلوچستان سرمایہ بورڈ کے زیر اہتمام قائم کیے گئے بزنس فیسیلیٹیشن سینٹر (BFC) نے اپنے قیام کے بعد ابتدائی چھ ماہ کے دوران کاروباری برادری اور سرمایہ کاروں کو سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے نمایاں پیش رفت کی ہے۔

کوئٹہ۔ 11 اگست (اے پی پی):وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن کے مطابق بلوچستان سرمایہ بورڈ کے زیر اہتمام قائم کیے گئے بزنس فیسیلیٹیشن سینٹر (BFC) نے اپنے قیام کے بعد ابتدائی چھ ماہ کے دوران کاروباری برادری اور سرمایہ کاروں کو سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے نمایاں پیش رفت کی ہے۔ دستیاب اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چھ ماہ کے دوران بزنس فیسیلیٹیشن سینٹر میں مجموعی طور پر 2,902 درخواستوں کا پراسیس مکمل کیا گیا، جبکہ 347 درخواستیں منظور کرتے ہوئے متعلقہ RLCOs جاری کیے گئے۔ یہ پیش رفت صوبے میں کاروباری اور سرمایہ کاری سے متعلق امور کو آسان، تیز اور ایک ہی پلیٹ فارم کے ذریعے انجام دینے کی کوششوں کا عکاس ہے۔

وائس چیئرمین بلوچستان سرمایہ بورڈ بلال خان کاکڑ نے اس موقع پر کہا کہ بزنس فیسیلیٹیشن سینٹر کا قیام صوبے میں کاروباری ماحول کو بہتر بنانے اور سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان کا مقصد سرمایہ کاروں اور کاروباری افراد کو غیر ضروری دفتری مراحل سے نجات دلا کر شفاف، آسان اور موثر سروس ڈیلیوری فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ BFC کی ابتدائی چھ ماہ کی کارکردگی حوصلہ افزا ہے، تاہم ادارے کی کوشش ہے کہ آنے والے دنوں میں درخواستوں کی پراسیسنگ اور منظوری کے عمل کو مزید موثر بنایا جائے تاکہ بلوچستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے سازگار ماحول پیدا ہو۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر بلوچستان سرمایہ بورڈ قائم لاشاری نے کہا کہ بزنس فیسیلیٹیشن سینٹر کا بنیادی مقصد سرمایہ کاروں اور کاروباری برادری کو مختلف محکموں کے درمیان رابطے کے پیچیدہ عمل سے نکال کر ون ونڈو سہولت فراہم کرنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ صرف چھ ماہ کے دوران 2,902 درخواستوں کی پراسیسنگ اور 347 RLCOs کا اجرا اس امر کا ثبوت ہے کہ BFC کاروباری سہولت کاری کے اپنے مقصد کی جانب تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ادارہ سروسز کے معیار، رفتار اور شفافیت کو مزید بہتر بنانے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہا ہے۔ قائم لاشاری نے کہا کہ بلوچستان میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں اور BFC کا کردار سرمایہ کاروں کو ان مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے ضروری سہولیات اور رہنمائی فراہم کرنا ہے۔ بلوچستان سرمایہ بورڈ اور بزنس فیسیلیٹیشن سینٹر صوبے میں سرمایہ کاری کے فروغ، کاروباری سرگرمیوں میں آسانی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے اپنا کردار مزید مثر انداز میں ادا کرتے رہیں گے۔