ایچ ای سی چیئرمین کا کامسیٹس یونیورسٹی کا دورہ، جدید ڈیجیٹل نظام کو دیگر جامعات تک توسیع دینے کا فیصلہ

ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے منگل کے روز کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد (سی یو آئی) کا دورہ کیا، جہاں انہیں یونیورسٹی کے تیار کردہ جدید ڈیجیٹل نظام کے بارے میں بریفنگ اور’’عملی مظاہرہ ‘‘ پیش کیا گیا۔ جدید ڈیجیٹل سسٹم طلبہ سے متعلق امور، الیکٹرانک فائلنگ، مالیاتی انتظام، بھرتیوں اور انتظامی و قانونی امور سمیت مختلف شعبوں کے نظام کو مؤثر …

اسلام آباد۔11اگست (اے پی پی):ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے منگل کے روز کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد (سی یو آئی) کا دورہ کیا، جہاں انہیں یونیورسٹی کے تیار کردہ جدید ڈیجیٹل نظام کے بارے میں بریفنگ اور’’عملی مظاہرہ ‘‘ پیش کیا گیا۔ جدید ڈیجیٹل سسٹم طلبہ سے متعلق امور، الیکٹرانک فائلنگ، مالیاتی انتظام، بھرتیوں اور انتظامی و قانونی امور سمیت مختلف شعبوں کے نظام کو مؤثر اور تیزتر بنانے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ ریکٹر کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد پروفیسر ڈاکٹر راحیل قمر نے سسٹم کی ڈیمانسٹریشن کے ساتھ ساتھ یونیورسٹی کے تیار کردہ ان مختلف ڈیجیٹل ٹولز کے بارے میں آگاہ کیا جو انتظامی اور تعلیمی امور کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں معاون ہیں۔

یونیورسٹی آفیشلز کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل سسٹم سے یونیورسٹی کے مختلف کیمپسز میں کام کی استعداد میں نمایاں اضافہ، امور کی انجام دہی میں آسانی کے ساتھ ساتھ انتظامی اخراجات اور کاغذ کے استعمال میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔ تقریب میں یونیورسٹی آف راولپنڈی، بارانی انسٹی ٹیوٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی راولپنڈی، نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی اسلام آباد، بحریہ یونیورسٹی اسلام آباد، ایئر یونیورسٹی اسلام آباد، ایم وائی یونیورسٹی اسلام آباد، وفاقی اردو یونیورسٹی، فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی راولپنڈی، راولپنڈی ویمن یونیورسٹی، یونیورسٹی آف واہ اور اقراء یونیورسٹی اسلام آباد سمیت مختلف جامعات کے وائس چانسلرز، ریکٹرز اور سینئر آفیشلز نے شرکت کی جبکہ اس موقع پر’’ انٹر یونیورسٹی کنسورشیم فار پروموشن آف سوشل سائنسز پاکستان‘‘ کے نمائندے بھی موجود تھے۔

ڈیجیٹل سسٹم کے عملی مظاہرے کے بعد شرکا نے اس ماڈل کو اعلیٰ تعلیم کے شعبے کی دیگر جامعات تک وسعت دینے اورمتعارف کرانے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا، متعدد جامعات کے نمائندوں نے مستقبل میں ’’ڈیجیٹل سسٹم ‘‘میں تعاون میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر چیئرمین ایچ ای سی نے کامسیٹس یونیورسٹی کو شریک جامعات میں یہ ڈیجیٹل نظام مقررہ لاگت کی بنیاد پر متعارف کرانے میں معاونت کی ہدایت کی، جس پر ریکٹر کامسیٹس یونیورسٹی نے اتفاق کرتے ہوئے اعلیٰ تعلیمی شعبے میں ڈیجیٹل ترقی کے لیے تعاون کے عزم کا اظہار کیا۔ اس موقع پر چیئرمین ایچ ای سی پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے کامسیٹس یونیورسٹی کے اقدام کو سراہتے ہوئے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو اعلیٰ تعلیم کے انتظامی امور میں جدت کی بہترین مثال قرار دیا۔

انہوں نے ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر راحیل قمر کے وژن اور ڈیجیٹل نظام کی تیاری میں قیادت کو بھی سراہا۔ چیئرمین ایچ ای سی نے کہا کہ ایسے نظام ملک کے اعلیٰ تعلیمی اداروں کے لیے تیز رفتار، کاغذ سے پاک دفتری امور اور بہتر انتظامی نظم و نسق کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ یونیورسٹی حکام کے مطابق یہ دورہ پاکستان کے اعلیٰ تعلیمی شعبے میں ڈیجیٹل سلیوشن متعارف کرانے کے حوالے سے کامسیٹس یونیورسٹی کے کردار کی بڑھتی ہوئی پذیرائی کا عکاس ہے۔ امید ظاہر کی گئی کہ یونیورسٹی کے تیار کردہ ڈیجیٹل نظام دیگر اداروں کے لیے بھی ایک موثر ماڈل ثابت ہوں گے۔

تقریب کے اختتام پر شریک جامعات کے اعلیٰ حکام نے اپنے اداروں میں بھی ایسے ڈیجیٹل نظام متعارف کرانے کے امکانات کا جائزہ لینے میں دلچسپی کا اظہار کیا، جس سے اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں مشترکہ بنیادوں پر ڈیجیٹل تبدیلی کے ایک نئے مرحلے کی راہ ہموار ہونے کی توقع ہے۔