فرانس میں پاکستان کی سفیر ممتاز زہرا بلوچ نے آج پاکستان کی معروف پیشہ ورانہ آن لائن کھیلوں کی ٹیم ’4Thrives‘ کے ارکان سے ملاقات کی، جو پیرس میں جاری عالمی ای اسپورٹس کپ کے تحت پب جی موبائل ورلڈ کپ 2026 کے گرینڈ فائنلز میں شرکت کر رہی ہے۔
فرانس میں پاکستان کی سفیر ممتاز زہرا بلوچ کی پاکستانی ای سپورٹس ٹیم ’4Thrives‘ کے ارکان سے ملاقات

مزید خبریں
پیرس ۔11اگست (اے پی پی):فرانس میں پاکستان کی سفیر ممتاز زہرا بلوچ نے آج پاکستان کی معروف پیشہ ورانہ آن لائن کھیلوں کی ٹیم ’4Thrives‘ کے ارکان سے ملاقات کی، جو پیرس میں جاری عالمی ای اسپورٹس کپ کے تحت پب جی موبائل ورلڈ کپ 2026 کے گرینڈ فائنلز میں شرکت کر رہی ہے۔
منگل کو سفارتخانے سے جاری بیان کے مطابق ٹیم ’4Thrives‘ کے ارکان نے فرانس میں پاکستان کی سفیر ممتاز زہرا بلوچ کو کھیل کے بارے میں بریفنگ دی اور بتایا کہ انہوں نے کوالیفائنگ مرحلے میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کرنے اور فائنل مرحلے تک رسائی کے لیے کس قدر محنت کی۔ ٹیم کے ارکان اپنی کارکردگی پر پُرجوش اور پُراعتماد نظر آئے، جس کے نتیجے میں ’4Thrives‘ نے دنیا کی بہترین پب جی موبائل ٹیموں میں اپنی جگہ مستحکم کر لی ہے۔

سفیر ممتاز زہرا بلوچ نے ٹیم کے ارکان کی پُرجوش شرکت اور شاندار کامیابیوں کو سراہا اور فائنل مرحلے کے لیے ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم نے حالیہ عرصے میں ’4Thrives‘ ٹیم کی کامیابیوں کو فخر کے ساتھ دیکھا ہے اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ٹیم پیرس میں بھی یہ باوقار ٹرافی اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوگی۔ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ عالمی ای اسپورٹس کپ پیرس میں منعقد ہو رہا ہے۔ یہ ایک حقیقی عالمی مظہر بن چکا ہے، جس میں دنیا کے 100 مختلف ممالک سے 200 کلبوں کے 2,000 سے زائد کھلاڑی شرکت کر رہے ہیں۔







