جعلی میکسیکن ویزا اور لو پروفائل ایسائلم: برازیل سے ڈیپورٹ مسافر کے خلاف ایف آئی اے کا مقدمہ درج

فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) اسلام آباد زون کے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل نے برازیل سے ڈیپورٹ ہو کر پاکستان پہنچنے والے مسافر کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کر لیا ہے۔

اسلام آباد۔11اگست (اے پی پی):فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) اسلام آباد زون کے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل نے برازیل سے ڈیپورٹ ہو کر پاکستان پہنچنے والے مسافر کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کر لیا ہے۔ ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ برازیل سے ڈیپورٹ ہونے والے مسافر علی رضا ولد محمد عارف کے خلاف پاسپورٹ ایکٹ 1974ء کی دفعات 3 اور 4 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ مسافر 09 اگست 2026ء کو غیر ملکی ایئر لائن کی فلائٹ (QR-632) کے ذریعے برازیل سے اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچا تھا، جس کی ڈیپورٹیشن کی وجہ ’’لو پروفائل ایسائلم سیکر‘‘ درج تھی۔ آئی بی ایم ایس ریکارڈ کی جانچ پڑتال سے معلوم ہوا کہ ملزم 17 مئی 2026ء کو لاہور ایئرپورٹ سے وزٹ ویزے پر انڈونیشیا روانہ ہوا تھا۔

ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم نے انکشاف کیا کہ اس نے پاکستان سے انڈونیشیا اور پھر وہاں سے سعودی عرب کا ویزا حاصل کیا۔ بعد ازاں سعودی عرب سے میکسیکو کا ویزا لے کر برازیل پہنچا، جہاں ایک روزہ ٹرانزٹ قیام کی بجائے وہ مقررہ مدت سے زائد عرصہ مقیم رہا۔ قانون شکنی پر برازیلی حکام نے اسے گرفتار کر کے ایمرجنسی پاسپورٹ پر پاکستان ڈیپورٹ کر دیا۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق مسافر کے پاسپورٹ کے صفحہ نمبر 26 پر چسپاں میکسیکو کا ویزا بھی مشکوک اور جعلی پایا گیا ہے۔ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل نے ملزم کو گرفتار کر کے باقاعدہ تفتیش کا آغاز کر دیا ہے جبکہ انسانی اسمگلنگ اور جعلی دستاویزات کی تیاری میں ملوث دیگر عناصر کے کردار کا تعین بھی کیا جا رہا ہے۔ مزید تفتیش جاری ہے۔