اسلام آباد۔28فروری (اے پی پی):پاکستان نے مشرقِ وسطیٰ میں مذاکرات کی ناکامی اور دشمنیوں کے آغاز پر افسوس کا اظہار کیاہے۔ پاکستان نےایران کے خلاف بلاجواز حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہاُہے کہ یہ حملے ایسے وقت میں کیے گئے جب پُرامن اور مذاکراتی حل کے لیے سفارتی کوششیں جاری تھیں۔ اس قسم کی کارروائیاں پورے خطے کے امن و استحکام کو نقصان پہنچائیں گی اور ان کے دور رس …
پاکستان کا مشرقِ وسطیٰ میں مذاکرات کی ناکامی اور دشمنیوں کے آغاز پر افسوس کا اظہار

مزید خبریں
اسلام آباد۔28فروری (اے پی پی):پاکستان نے مشرقِ وسطیٰ میں مذاکرات کی ناکامی اور دشمنیوں کے آغاز پر افسوس کا اظہار کیاہے۔ پاکستان نےایران کے خلاف بلاجواز حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہاُہے کہ یہ حملے ایسے وقت میں کیے گئے جب پُرامن اور مذاکراتی حل کے لیے سفارتی کوششیں جاری تھیں۔ اس قسم کی کارروائیاں پورے خطے کے امن و استحکام کو نقصان پہنچائیں گی اور ان کے دور رس نتائج برآمد ہوں گے۔
دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق پاکستان ایران کی جانب سے برادر ممالک سعودی عرب، بحرین، اردن، کویت، قطر اور متحدہ عرب امارات پر حملوں کی بھی سخت مذمت کرتا ہے اور ان تمام برادر ممالک کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔ پاکستان زیادہ سے زیادہ ضبط و تحمل سے کام لینے کی ضرورت پر زور دیتا ہے۔
یہ بلااشتعال حملے خلیجی برادر ریاستوں کی خودمختاری کی صریح خلاف ورزی ہیں۔ پاکستان متحدہ عرب امارات میں اس بزدلانہ حملے کے دوران ایک پاکستانی شہری کی افسوسناک ہلاکت کی بھی مذمت کرتا ہے۔پاکستان نے تمام فریقین پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ مزید ایسے اقدامات سے گریز کریں جو دیگر علاقائی ممالک کی سلامتی اور علاقائی سالمیت کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔
پاکستان بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے منشور کے اصولوں کی پاسداری کی ضرورت پر زور دیتا ہے۔ پاکستان تمام فریقین پر زور دیتا ہے کہ وہ سفارت کاری کا عمل دوبارہ شروع کریں اور بحران کا پُرامن اور مذاکراتی حل تلاش کریں۔








