پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا بحریہ ٹاؤن چیمپئنز ٹی 20 کپ کے لیے میچ آفیشلز کے پینل کا اعلان

158
Pakistan Cricket Board
Pakistan Cricket Board

راولپنڈی۔3دسمبر (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بحریہ ٹاؤن چیمپئنز ٹی 20 کپ کے لیے میچ آفیشلز کے پینل کا اعلان کر دیا ہے جو 7 سے 25 دسمبر تک راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ پی سی بی کی طرف سے جاری تفصیلات کے مطابق ٹورنامنٹ کے 22 میچوں میں کل 13 امپائرز اور 6 میچ ریفریز ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ 7 دسمبر کو نور پور لائنز اور یو ایم ٹی مارخورز کے درمیان ہونے والے افتتاحی میچ میں پی سی بی ایلیٹ پینل کے امپائرز عمران جاوید اور ذوالفقار جان فیلڈ امپائرز، قیصر وحید تھرڈ امپائر اور رانا محمد ارشد فورتھ امپائر کی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔

پی سی بی ایلیٹ پینل آف میچ ریفریز کے ندیم ارشد پلیئنگ کنٹرول ٹیم کی قیادت کریں گے۔ آئی سی سی انٹرنیشنل پینل آف امپائرز کے ارکان آصف یعقوب، راشد ریاض وقار (آن فیلڈ امپائرز) اور فیصل خان آفریدی (تھرڈ امپائر) بحریہ ٹاؤن چیمپئنز ٹی ٹوئنٹی کپ کے 25 دسمبر کو ہونے والے فائنل کے میچ آفیشلز ہوں گے۔ ذوالفقار جان فورتھ امپائر ہوں گے جبکہ آئی سی سی میچ ریفریز کے انٹرنیشنل پینل کے علی نقوی پلیئنگ کنٹرول ٹیم کے سربراہ ہوں گے۔ آصف یعقوب، فیصل خان آفریدی، عمران جاوید، رانا محمد ارشد، راشد ریاض وقار، قیصر وحید اور ذوالفقار جان کے علاوہ امپائرنگ کے فرائض احمد شہاب،

عمران اللہ اسلم، امتیاز اقبال، کاشف سہیل، خالد محمود سینئر محمد ساجد انجام دیں گے۔6 میچ ریفریز میں سے دو انٹرنیشنل پینل آف آئی سی سی میچ ریفریز کے ممبران علی نقوی اور محمد جاوید ملک کے ساتھ افتخار احمد، محمد اقبال شیخ، ندیم ارشد اور سہیل ادریس شامل ہوں گے۔