پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام چیمپئنز ٹی 20 کپ 7 سے 25 دسمبر تک راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا

راولپنڈی۔23نومبر (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)کے زیر اہتمام چیمپئنز ٹی 20 کپ 7 سے 25 دسمبر تک راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا ، میگا ایونٹ میں پانچ ٹیمیں شرکت کریں گی جن میں اے بی ایل اسٹالیئنز، اینگرو ڈولفنز، لیک سٹی پینتھرز، نورپور لائنز، اور یو ایم ٹی مارخورز شامل ہیں ، پی سی بی کے مطابق رواں سال ستمبر میں فیصل آباد میں منعقدہ …

راولپنڈی۔23نومبر (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)کے زیر اہتمام چیمپئنز ٹی 20 کپ 7 سے 25 دسمبر تک راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا ،

میگا ایونٹ میں پانچ ٹیمیں شرکت کریں گی جن میں اے بی ایل اسٹالیئنز، اینگرو ڈولفنز، لیک سٹی پینتھرز، نورپور لائنز، اور یو ایم ٹی مارخورز شامل ہیں ، پی سی بی کے مطابق رواں سال ستمبر میں فیصل آباد میں منعقدہ 50 اوورز کے ٹورنامنٹ کی شاندار کامیابی کے بعد چیمپئنز کپ سیریز کا یہ دوسرا ایونٹ ہے، 50 اوورز ایونٹ میں لیک سٹی پینتھرز نے یو ایم ٹی مارخورز کو فائنل میں شکست دی تھی۔

کرکٹ کے شائقین نے اقبال اسٹیڈیم میں 14 میچوں کے اس ایونٹ میں بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کیا تھا، اس رفتار کو آگے بڑھانے کے لیے پی سی بی نے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں چیمپیئنز ٹی 20 کپ کا اسٹریٹجک طور پر شیڈول کیا ہے جس میں 19 دنوں کے دوران 22 میچز ہوں گے جن میں چھ ڈبل ہیڈرز اور آٹھ سنگل ہیڈرز شامل ہیں۔ ڈبل ہیڈر میچز صبح 11 بجے اور دوپہر 3:30 بجے شروع ہوں گے جبکہ سنگل ہیڈر والے میچ دوپہر 12 بجے مقرر کیے گئے ہیں، مقابلے کی شدت کو بڑھانے کے لیے ایک دلچسپ فارمیٹ متعارف کرایا گیا ہے،

ڈبل لیگ مرحلے کے بعد ٹیبل کی ٹاپ ٹیم براہ راست فائنل میں پہنچے گی جبکہ دوسرے اور تیسرے نمبر پر آنے والی ٹیمیں 23 دسمبر کو سہ پہر 3:30 بجے کوالیفائر میں آمنے سامنے ہوں گی، فائنل 25 دسمبر کو سہ پہر 3:30 بجے شیڈول ہے۔ٹورنامنٹ کا شیڈول ٹیم کے مینٹورز کی مشاورت سے تیار کیا گیا ہے جس میں تماشائیوں کی مصروفیت اور موسم کے تحفظات دونوں کو مدنظر رکھا گیا ہے، ہر ٹیم آٹھ میچ کھیلے گی جس سے انہیں اپنی حکمت عملی اور کامبی نیشن کو بہتر بنانے کے کافی مواقع ملیں گے،

ٹورنامنٹ کا فارمیٹ ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ کے لیے اپنی صلاحیتوں کو ظاہر کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم کے طور پر بھی کام کرے گا جو سلیکٹرز کو ان کھلاڑیوں کے بارے میں قیمتی معلومات فراہم کرے گا جنہیں قومی ٹیم کے لیے تیار کیا جا سکتا ہے، شاندار کارکردگی دکھانے والے کرکٹرز ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ فرنچائزز کی توجہ بھی حاصل کر سکتے ہیں، اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کہ تمام ڈومیسٹک کھلاڑیوں کو چیمپیئنز ٹی 20 کپ میں حصہ لینے کا موقع ملے، پی سی بی نے قائد اعظم ٹرافی کے فائنل راؤنڈ کے میچوں کا شیڈول تبدیل کر دیا ہے،

لاہور وائٹس اور سیالکوٹ کے درمیان لیگ کا آخری میچ اب 27 سے 31 دسمبر تک کھیلا جائے گا جس کے بعد پانچ روزہ فائنل 2 سے 6 جنوری تک کھیلا جائے گا، ان میچوں کے مقامات کا اعلان مناسب وقت پر کیا جائے گا۔ بحریہ ٹاؤن چیمپئنز ٹی 20 کپ کا آغاز 7 دسمبر کو ایک دلچسپ ڈبل ہیڈر کے ساتھ ہو گا، پہلے میچ میں اے بی ایل اسٹالینز اور لیک سٹی پینتھرز مدمقابل ہوں گی جبکہ دوسرا میچ نورپور لائنز اور یو ایم ٹی مارخورز کے درمیان کھیلا جائے گا ، پہلے راؤنڈ کے میچز 7 سے 13 دسمبر تک جبکہ دوسرے راؤنڈ کے میچز 15 سے 21 دسمبر تک ہوں گے،

زیادہ سے زیادہ تیاری کو یقینی بنانے کے لیے پی سی بی 28 نومبر سے راولپنڈی میں اپنے اسکواڈز کو جمع کرنے میں پانچ ٹیم مینٹورز کی مدد کرے گا۔ ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ، کے آر ایل سٹیڈیم اور نیشنل گراؤنڈ میں پریکٹس سیشنز ہوں گے ، اس دوران وارم اپ میچز بھی شیڈول ہیں۔

مزید خبریں
اوٹاوا میں پرچم کشائی، قائداعظم کے وژن اور پاکستان کے عزم و اتحاد کو اجاگر کیا گیا اوٹاوا۔15اگست (اے پی پی):کینیڈا کے دارالحکومت اوٹاوا میں پاکستان کے ہائی کمیشن جبکہ مونٹریال، ٹورنٹو اور وینکوور میں قائم پاکستان کے تینوں قونصل جنرلز نے پاکستان کا 80واں یومِ آزادی اور بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے 150ویں یومِ پیدائش کی سال بھر جاری رہنے والی تقریبات منائیں۔اوٹاوا میں ہائی کمیشن کی چانسری میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستان کی آزادی، قائداعظم محمد علی جناح کے وژن اور پاکستانی قوم کے عزم و اتحاد کو اجاگر کیا گیا۔ اس موقع پر صدرِ پاکستان، وزیراعظم اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کے خصوصی پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔یومِ آزادی کی تقریبات کے ساتھ قائداعظم محمد علی جناح کے 150ویں یومِ پیدائش کی سال بھر جاری رہنے والی تقریبات کا بھی آغاز کیا گیا۔ اس موقع پر قائداعظم کی زندگی، قیادت اور قیامِ پاکستان کے لیے تاریخی جدوجہد کو اجاگر کرنے والی دستاویزی فلم پیش کی گئی جبکہ قائداعظم کی زندگی کے اہم لمحات اور پاکستان کی تاریخ کے نمایاں سنگِ میل پر مبنی ڈیجیٹل تصویری نمائش بھی منعقد کی گئی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہائی کمشنر محمد سلیم نے پاکستان کے 80ویں یومِ آزادی پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی لازوال خدمات اور ورثے کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت قائداعظم کے ایک پُرامن، جمہوری اور خوشحال پاکستان کے وژن کے لیے اپنے عزم پر قائم ہے۔ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان مستقبل میں بھی ریاستوں کے درمیان امن، مذاکرات، تعاون اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے کینیڈا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے عوامی سطح پر روابط مضبوط بنانے میں اہم کردار کو بھی اجاگر کیا۔تقریب میں گریٹر اوٹاوا کے علاقے سے پاکستانی کمیونٹی کے نمائندوں اور پاکستان کے دوستوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پاکستانی خاندانوں، بالخصوص نوجوانوں کی پُرجوش شرکت نے حب الوطنی کے جذبے کی بھرپور عکاسی کی۔شرکا نے ملک کے دفاع اور قومی امنگوں کی تکمیل کے لیے پاکستان کی مسلح افواج اور عوام کی بہادری و قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔شرکا نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ قائداعظم محمد علی جناح کا 150واں یومِ پیدائش نوجوان نسل کو ان کے اصولوں، دوراندیشی اور پاکستان کے لیے ان کے وژن سے رہنمائی حاصل کرنے کی ترغیب دیتا رہے گا۔