پاکستان کرکٹ ٹیم کے پہلے کپتان میاں محمد سعید کی 116ویں سالگرہ کے موقع پر پی سی بی کی جانب سے خراجِ عقیدت پیش کیا گیا

پاکستان کرکٹ ٹیم کے پہلے کپتان میاں محمد سعید کی 116ویں سالگرہ کے موقع پر پی سی بی کی جانب سے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔

لاہور۔31اگست (اے پی پی):پاکستان کرکٹ ٹیم کے پہلے کپتان میاں محمد سعید کی 116ویں سالگرہ کے موقع پر پی سی بی کی جانب سے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔

میاں محمد سعید نے قیامِ پاکستان کے بعد 1948 سے 1951 تک پاکستان کرکٹ ٹیم کی قیادت کے فرائض انجام دیے اور ملک کی ابتدائی کرکٹ تاریخ میں ایک اہم اور یادگار مقام حاصل کیا۔ترجمان پی سی بی کے مطابق میاں محمد سعید نہ صرف پاکستان کے اولین کپتان تھے بلکہ ان کا خاندان بھی پاکستان کرکٹ کی تاریخ میں نمایاں خدمات کے حوالے سے خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔ وہ پاکستان کے پہلے عالمی معیار کے عظیم کرکٹر اور مایہ ناز فاسٹ بالر فضل محمود کے سسر تھے، جبکہ ان کے صاحبزادے یاور سعید نے بھی پاکستان کرکٹ کے لیے طویل عرصے تک خدمات انجام دیں اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے طویل ترین عرصے تک خدمات انجام دینے والے مینیجرز میں شمار ہوتے ہیں۔

میاں محمد سعید کا شمار ان شخصیات میں ہوتا ہے جنہوں نے پاکستان کے ابتدائی کرکٹ دور میں قومی ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے ملک میں کرکٹ کے فروغ اور اس کھیل کی بنیاد مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کی خدمات اور کرکٹ سے وابستگی آج بھی پاکستان کی کرکٹ تاریخ کا قابلِ احترام حصہ ہیں۔اہلِ خانہ کی جانب سے تمام کرکٹ شائقین، دوستوں اور احباب سے مرحوم کے لیے خصوصی دعائے مغفرت کی درخواست کی گئی ہے۔