اسلام آباد ۔ 20 نومبر (اے پی پی) چیئرمین ایف بی آر سیّد شبر زیدی نے کہا ہے کہ سمگلنگ کی روک تھام کےلئے پاکستان کسٹمز نے تمام ہوائی اڈوں پر مسافروں کی شناخت کےلئے رسک مینجمنٹ نظام شروع کر دیا ہے۔ بدھ کو یہاں جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ اقدام وزیراعظم پاکستان کی ہدایات کے مطابق لیا گیا ہے تاکہ کسٹمز بارڈر مینجمنٹ کو مربوط بنایا …
پاکستان کسٹمز نے سمگلنگ کی روک تھام کےلئے تمام ہوائی اڈوں پر رسک مینجمنٹ نظام شروع کر دیا ہے، چیئرمین ایف بی آر سیّد شبر زیدی

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 20 نومبر (اے پی پی) چیئرمین ایف بی آر سیّد شبر زیدی نے کہا ہے کہ سمگلنگ کی روک تھام کےلئے پاکستان کسٹمز نے تمام ہوائی اڈوں پر مسافروں کی شناخت کےلئے رسک مینجمنٹ نظام شروع کر دیا ہے۔ بدھ کو یہاں جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ اقدام وزیراعظم پاکستان کی ہدایات کے مطابق لیا گیا ہے تاکہ کسٹمز بارڈر مینجمنٹ کو مربوط بنایا جائے، مسافروں کی شناخت کا یہ نظام ملک کے سات بڑے ایئر پورٹس پر شروع کیا گیا ہے جس کےلئے کسٹمز کے عملہ کو بہترین تربیت دی گئی ہے، اس شناختی نظام کو امریکی کسٹمز کے ادارہ اور ورلڈ کسٹمز آرگنائزیشن کے تکنیکی تعاون سے متعارف کیا گیا ہے۔ سیّد شبر زیدی نے کہا کہ اس نظام کے تحت مسافروں کی پیشگی شناخت ممکن ہو گی اور اسے فیٹف ایکشن پلان کے لائحہ عمل کو مدنظر رکھتے ہوئے بنایا گیا ہے۔ اس کی بدولت مسافروں، ڈرگ سمگلرز اور منی لانڈررز میں تفریق ہو سکے گی اور ڈرگ سمگلر اور منی لانڈرر پکڑا جا سکے گا، اس نئے نظام کے تحت پاکستان آنے اور باہر جانے والے مسافروں کا شناختی پروفائل بھی تیار ہو جائے گا جس سے شناخت میں آسانی میسر آئے گی۔ چئیرمین ایف بی آر نے کہا کہ اس نظام سے کسٹمز اہلکاروں کی ایئرپورٹس پر موجودگی کم ہو جائے گی اور مسافروں کی ایئر پورٹس پر شناخت کا عمل کم وقت میں ممکن ہو پائے گا۔ چیئرمین نے ممبر کسٹمز آپریشنز کو مزید ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام بارڈر ایجنسیز سے معلومات کے تبادلہ سے قبل کسٹمز اہلکاروں کےلئے مناسب ٹریننگ سیشنز کا انعقاد کیا جائے۔








