پاکستان کو اقتصادی لحاظ سے مستحکم دیکھنے کے کا خواہاں ہیں، ترجمان امریکی محکمہ خارجہ

واشنگٹن۔19جنوری (اے پی پی):امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ امریکا پاکستان کو اقتصادی لحاظ سے مستحکم دیکھنے کے کا خواہاں ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے روزانہ کی بنیاد پر ہونے والی پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ پاکستان کی حکومت بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف)اور دیگر عالمی مالیاتی اداروں کے ساتھ بات چیت کر رہی ہے۔

انہوں نے پاکستان کے زر مبادلہ کے ذخائر کم ہونے کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ یہ ایک چیلنج ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ جانتے ہیں کہ پاکستان آئی ایم ایف اور عالمی مالیاتی اداروں کے ساتھ کام کر رہا ہے، ہم پاکستان کو اقتصادی لحاظ سے مستحکم پوزیشن پر دیکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جہاں تک وہ سمجھتے ہیں پاکستان کی آئی ایم ایف اور عالمی مالیاتی اداروں کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔

ہم اپنے پاکستانی شراکت داروں کی حمایت کرتے ہیں لیکن آخر کار یہ پاکستان اور بین الاقوامی مالیاتی اداروں کے درمیان کا معاملہ ہے۔ترجمان نے پاکستان کے مالیاتی چیلنجز پر امریکی اقدامات پر دباؤ ڈالتے ہوئے کہاکہ ہمارے پاکستانی شراکت داروں کے ساتھ بات چیت میں اکثر تکنیکی مسائل درپیش ہوتے ہیں۔ اکثر اوقات یہ مسائل محکمہ خزانہ اور ہمارے پاکستانی شراکت داروں کے درمیان حل کیے جاتے ہیں لیکن محکمہ خارجہ اور ہمارے ہم منصبوں کے درمیان بات چیت کا موضوع پاکستان کا میکرو اکنامک استحکام ہے۔