پاکستان کو عالمی تنہائی کا شکار کرنیوالوں کے خواب چکنا چور ہو گئے ، فتنہ گروپ کا مقصد اداروں کیخلاف ہرزہ سرائی ہے ،عظمی بخاری

166

لاہور۔11جنوری (اے پی پی):وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ پاکستان کو عالمی تنہائی کا شکار کرنے والوں کے خواب چکنا چور ہو گئے ، فتنہ گروپ کا مقصد اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی ہے،بانی پی ٹی آ ئی مکافات عمل کا شکار ہے ،این آر او دینے والا آج خود این آراو مانگ رہا ہے ، وزیر اعلیٰ مریم نواز پنجاب میں ریکارڈ ترقیاتی کام کروارہی ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز شاہدرہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔

عظمی بخاری نے کہا کہ شاہدرہ وہ علاقہ ہے جس کو ن لیگ کبھی نہیں بھلا سکتی کیونکہ شاہدرہ کے عوام نے کبھی بھی مسلم لیگ ن کو مایوس نہیں کیا، ہر الیکشن میں یہاں کی عوام نے مسلم لیگ ن کو ہی ووٹ دیئے اور اس حلقے میں پارٹی کو مضبوط کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ شاہدرہ کے لوگوں کو جن بنیادی مسائل کا سامنا تھا وہ اب ایک ایک کر کے وزیر اعلی مریم نواز کی قیادت میں حل کئے جارہے ہیں،اب ان کی زندگیوں میں آسانی آئے گی۔

عظمی بخاری نے کہا کہ وزیر اعلی مریم نواز لاہور سمیت مضافاتی علاقوں میں بھی فلیگ شپ پروگرام کا آ غاز کر رہی ہیں، شاہدرہ کو لاہور کی طرح ترجیحی بنیادوں پر توجہ دی جارہی ہے اور یہاں پر دس ارب روپے کے ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے ۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں مسلم کانفرنس چل رہی ہے جس میں پچاس ملکوں سے زائد کے مندوبین شرکت کررہے ہیں جبکہ خواتین کی تعلیم کے حوالے سے بھی پروگرام ہورہاہے، ایس سی او اور گرلز ایجوکیشن کانفرنس نے پاکستان کو دنیا کی صف اول میں لاکھڑا کیا ہے،جو لوگ پاکستان کو عالمی دنیا میں تنہائی کا شکار کرنا چاہتے تھے، ان کے خواب چکنا چور ہو چکے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آ ئی کے دور میں پاکستان کی خارجہ پالیسی اتنی کمزور ہو چکی تھی کہ کوئی ملک ان کو فون نہ کرتا تھا لیکن اب وزیر اعظم محمد شہبازشریف نے پاکستان کو نئی پہچان دی ہے۔ عظمی بخاری نے کہا کہ جب کوئی مسلم ملک کا سربراہ پاکستان آتا ہے تو پی ٹی آ ئی والے احتجاج یا دھرنا دینا شروع ہوجا تے ہیں تاکہ پاکستان کے تعلقات دوسرے ممالک کے ساتھ خراب ہوں، فتنہ پارٹی کی پالیسی کو کوئی دوست ملک توجہ نہیں دیتا۔

انہوں نے کہا کہ اڈیالہ جیل کے فتنہ قیدی نے احتجاج کی فائنل کال دی تو وہ مس کال ثابت ہوئی اورفائنل کال والے ڈی چوک سے اپنا مال و اسباب چھوڑ کر بھاگ گئے ،اسی طرح سول نافرمانی کی تحریک سے پاکستان کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی،سول نافرمانی کرکے آئی ایم ایف کو خطوط لکھے گئے کہ پاکستان کو کوئی قرض نہ دیا جائے،ایک شخص کی سازش ہے کہ اداروں اور ملک کو نقصان پہنچانا ہے، ترسیلات زر میں کال کے باجود اضافہ ہوا اور تین ارب دس کروڑ ڈالر بیرون ملک پاکستانیوں نے وطن بھیجے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیر اعلی مریم نواز کاغذی نہیں بلکہ عملی منصوبوں پر کام کر رہی ہیں، ہر روز ایک نیا منصوبہ شروع ہورہا ہے، سکالر شپ پروگرام سے تیس ہزار بچوں کو تعلیم ملے گی،لائیو سٹاک کارڈ پاکپتن میں مریم نواز نے شروع کیا جس سے مویشی پال لوگ اپنے لئے مویشی خریدیں گے اورروزگار کمائیں گے، ہمارے بہت سارے دوست ممالک ہیں جو مویشی خریدنا چاہتے ہیں جس کے لئے گیارہ ارب روپے سے فیٹنگ پروگرام کا آغاز کیا گیا ہے جس سے اسی ہزار لوگ مستفید ہوں گے، اس پر بھی فتنہ پارٹی کی جانب سے شرانگیزی کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آ ئی دور میں لیپ ٹاپ پروگرام کو اس لیے بند کیاگیا کہ وہ محمد شہبازشریف کا منصوبہ تھا، بانی پی ٹی آ ئی کے دور میں انڈے ،کٹے، لنگر خانے، پناہ گاہوں اور بھنگ کی فیکٹریاں شروع کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ لیپ ٹاپ کی کھیپ پاکستان پہنچ چکی ہے ،کوئی ایم این اے ،کوئی ایم پی اے لیپ ٹاپ پر سفارش نہیں کرسکتا ، یہ طلبہ کو میرٹ پر دیئے جائیں گے ، پنجاب میں جب لیڈر شپ محنتی ہو تو اللہ کا فضل ہوتاہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آ ئی کے دور میں پھونکوں اورتعویزگنڈوں کی حکومت تھی، جلائو گھیرائو کی سیاست کے باوجود آج پاکستان وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں آگے بڑھ رہا ہے، بانی پی ٹی آ ئی اپنے دور میں کہتا رہا کہ این آر او نہیں دوں گا لیکن آج این آر او دینے والا خود این آر او مانگ رہا ہے ،کہتا ہے مجھ سے ملے بغیر مذاکراتی ٹیم ہی بات کرے، بانی پی ٹی آ ئی کو جیل میں تو گھر والے ملنے نہیں جارہے ،اب تو وہ کہتا ہے کہ مجھ سے جیل میں نہ ملو بلکہ مجھے کسی طرح این آر او لے کر باہر نکالو۔

عظمی بخاری نے کہا کہ کے پی حکومت جو ہزار ارب روپے کی مقروض ہے، جہاں سکول و ہسپتال نہیں، ڈولیوں سے لوگ سفر کرتے ہیں، کابینہ تئیس فیصد ہوگئی جو گیارہ فیصد سے زائد نہیں ہوتی، علی امین گنڈا پور میں کون سی قابلیت ہے جو لوگوں کو عیاشیوں کا موقع دے رہے ہیں، نہیں ہوگا تو کوئی دھی رانی پروگرام یا مفت ادویات نہیں مل سکتیں،کے پی میں مساجد کے نام پر چھبیس نومبر سے پہلے دو ارب روپے بانٹے گئے،گنڈاپور نے پہلے کون سے جھنڈے گاڑ لیئے تھے جو آج کابینہ بڑھائی گئی ہے،مال مفت دل بے رحم ہورہا اور لوگوں کو بھرتی کیا جارہا ہے،گنڈا پور کی کیبنٹ کرپشن میں ملوث ہے، گورننس تو نہیں گنڈا پور سمیت سب کرپشن کررہے ہیں، کے پی کے میں بارہ سال سے نالائق شخص کی حکومت کی وجہ سے صوبے کے عوام کی تکالیف میں اضافہ ہورہا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں عظمی بخاری نے کہا کہ بانی پی ٹی آ ئی کو جیل میں فائیو سٹار جیسی سہولیات میسر ہیں لیکن پی ٹی آ ئی والے یہ تاثر پھیلا رہے ہیں کہ اسے جیل میں سہولیات سے محروم رکھا جا رہا ہے ،اب عوام ان کے ہاتھوں بے وقوف نہیں بنیں گے ،ان کے چہرے عوام کے سامنے عیاں ہو چکے ہیں ۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ 2014 کے بعد مہنگائی میں اب کافی حد تک کمی آئی ہے ،پنجاب میں روٹی ودیگر اشیاء خورونوش کی قیمتوں میں کمی وزیر اعلی مریم نواز کی دن رات کوششوں کا نتیجہ ہے ۔