پاکستان کی انفارمیشن کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کی برآمدات ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں

وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ پاکستان کی انفارمیشن کمیونیکیشن ٹیکنالوجی (آئی سی ٹی) کی برآمدات ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔

اسلام آباد۔18جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ پاکستان کی انفارمیشن کمیونیکیشن ٹیکنالوجی (آئی سی ٹی) کی برآمدات ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر ہفتہ کو اپنی ایک پوسٹ میں وفاقی وزیر نے کہا کہ مالی سال 25-2024 کے مقابلہ میں گزشتہ مالی سال 26-2025 کے دوران آئی سی ٹی کی برآمدات میں 21 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا اور برآمدات کا حجم 4.6 ارب ڈالر کی ریکارڈ سطح تک پہنچ گیا۔ انہوں نے کہا کہ جون 2025 کے مقابلہ میں جون 2026 کے دوران برآمدات میں 23 فیصد کا اضافہ ہوا اور اس دوران برآمدات کی مالیت 416 ملین ڈالر تک پہنچ گئی۔ شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ مالی سال 25-2024 کے مقابلہ میں گزشتہ مالی سال 26-2025 کے دوران آئی سی ٹی کے ٹریڈ سرپلس میں 18 فیصد کا اضافہ ہوا اور گزشتہ مالی سال کے دوران شعبہ کا ٹریڈ سرپلس 3.9 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ آئی سی ٹی کی برآمدات میں تاریخ کا بلند ترین اضافہ اور یہ کامیابی ہمارے فری لانسرز ، سٹارٹ اپس، آئی ٹی کمپنیوں اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں حکومت پاکستان کی سرمایہ کاری اور پائیدار ترقی کےلئے ساز گار ماحول فراہم کرنے کا اجتماعی نتیجہ ہے۔