اسلام آباد۔31جولائی (اے پی پی):پاکستان کی حکومت اور عوام متحدہ عرب امارات میں شدید بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات پریو اے ای کی حکومت اور عوام سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں، جس کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوئیں جن میں پانچ پاکستانی شہری بھی شامل ہیں۔
اتوار کو ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے بیان مین کہا کہ ہم جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ سے گہری ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان برادر ملک متحدہ عرب امارات کے عوام اور حکومت کے ساتھ اظہاریکجہتی کرتاہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ ابوظہبی میں پاکستان کا سفارت خانہ اور دبئی میں پاکستان کے قونصلیٹ جنرل متحدہ عرب امارات کی حکومت اور متاثرہ پاکستانی شہریوں کے اہل خانہ سے رابطے میں ہیں۔ پاکستانی مشنز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقامی حکام کے ساتھ قریبی رابطہ میں رہیں تاکہ سیلاب کے دوران متاثرہ پاکستانی شہریوں کی مکمل مدد کی جا سکے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق متحدہ عرب امارات میں گزشتہ ہفتے کے دوران 27 سالوں میں سب سے زیادہ بارشیں ریکارڈ کی گئیں، جس سے سیلاب کے بعد مختلف علاقوں میں تباہی آئی، راس الخیمہ، شارجہ اور فجیرہ طوفانی بارشوں کے بعد آنے والے سیلاب سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔