پاکستان کی سمندری سلامتی کیلئے مضبوط بحریہ ناگزیر ہے،چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف

پاکستان کی سمندری سلامتی کیلئے مضبوط بحریہ ناگزیر ہے،چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف

راولپنڈی۔4اپریل (اے پی پی):چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف، این آئی، این آئی (ایم)، ٹی بی ٹی نے ایک مضبوط، متوازن اور ٹیکنالوجی سے لیس جدید بحریہ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ تجارت اور توانائی کے اہم سمندری راہداریوں کے ساتھ پاکستان کی اسٹریٹجک جغرافیائی پوزیشن ایک طاقتور بحریہ کا تقاضا کرتی ہے تاکہ قومی مفادات کی حفاظت کی جائے اور سمندری لائنز آف کمیونیکیشن (ایس ایل او سیز) کو محفوظ رکھا جائے۔

پاکستان نیوی کے بیڑے میں دوسری پی این ملجم کلاس کوریویٹ، پی این ایس خیبر کی شمولیت کی تقریب کے دوران منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئےنیول چیف نے واضح کیا کہ مَعرکَہ حق کے دوران پاکستان نیوی انڈین نیوی کے طیارہ بردار جہاز کو غرق کرنے کے لیے پوری طرح تیار تھی، جس کی وجہ سے انڈین نیوی اپنی محفوظ پناہ گاہوں میں رہنے پر مجبور ہو گئی۔ مَعرکَہ حق کے دوران بحری آپریشنز کی مہارت اور طرزِ عمل ایک واضح پیغام دیتا ہے کہ پاکستان کے سمندری مفادات کو چیلنج کرنے کی کسی بھی کوشش کا مناسب جواب دیا جائے گا۔

نیول چیف نے کہا کہ پاکستان نیوی کو جدید ترین پلیٹ فارمز اور جدید ٹیکنالوجیز سے لیس کیا جا رہا ہے، جو اسے دشمن کے اہم انفراسٹرکچر، کمزوریوں اور بحری اثاثوں کو نشانہ بنانے کے قابل بنا رہی ہیں۔ پی این ایس خیبر جیسی جدید پلیٹ فارمز اور آنے والی ہینگر کلاس آبدوزوں کی شمولیت پاکستان نیوی کی جدید سازی میں ایک اہم سنگ میل ہے، جو آپریشنل لچک، جنگی طاقت اور اسٹریٹجک رسائی کو مزید بڑھا رہی ہے۔اپنے خطاب کے اختتام پر نیول چیف نے پی این ایس خیبر کے عملے کو مبارکباد پیش کی اور پاکستان نیوی کے عزم کا اعادہ کیا کہ وہ خودمختار سمندروں کا دفاع کرے گا اور سمندری سرحدوں کا محافظ بننے کی اپنی ذمہ داری کو نبھاتا رہے گا۔

 

مزید خبریں
اوٹاوا میں پرچم کشائی، قائداعظم کے وژن اور پاکستان کے عزم و اتحاد کو اجاگر کیا گیا اوٹاوا۔15اگست (اے پی پی):کینیڈا کے دارالحکومت اوٹاوا میں پاکستان کے ہائی کمیشن جبکہ مونٹریال، ٹورنٹو اور وینکوور میں قائم پاکستان کے تینوں قونصل جنرلز نے پاکستان کا 80واں یومِ آزادی اور بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے 150ویں یومِ پیدائش کی سال بھر جاری رہنے والی تقریبات منائیں۔اوٹاوا میں ہائی کمیشن کی چانسری میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستان کی آزادی، قائداعظم محمد علی جناح کے وژن اور پاکستانی قوم کے عزم و اتحاد کو اجاگر کیا گیا۔ اس موقع پر صدرِ پاکستان، وزیراعظم اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کے خصوصی پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔یومِ آزادی کی تقریبات کے ساتھ قائداعظم محمد علی جناح کے 150ویں یومِ پیدائش کی سال بھر جاری رہنے والی تقریبات کا بھی آغاز کیا گیا۔ اس موقع پر قائداعظم کی زندگی، قیادت اور قیامِ پاکستان کے لیے تاریخی جدوجہد کو اجاگر کرنے والی دستاویزی فلم پیش کی گئی جبکہ قائداعظم کی زندگی کے اہم لمحات اور پاکستان کی تاریخ کے نمایاں سنگِ میل پر مبنی ڈیجیٹل تصویری نمائش بھی منعقد کی گئی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہائی کمشنر محمد سلیم نے پاکستان کے 80ویں یومِ آزادی پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی لازوال خدمات اور ورثے کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت قائداعظم کے ایک پُرامن، جمہوری اور خوشحال پاکستان کے وژن کے لیے اپنے عزم پر قائم ہے۔ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان مستقبل میں بھی ریاستوں کے درمیان امن، مذاکرات، تعاون اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے کینیڈا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے عوامی سطح پر روابط مضبوط بنانے میں اہم کردار کو بھی اجاگر کیا۔تقریب میں گریٹر اوٹاوا کے علاقے سے پاکستانی کمیونٹی کے نمائندوں اور پاکستان کے دوستوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پاکستانی خاندانوں، بالخصوص نوجوانوں کی پُرجوش شرکت نے حب الوطنی کے جذبے کی بھرپور عکاسی کی۔شرکا نے ملک کے دفاع اور قومی امنگوں کی تکمیل کے لیے پاکستان کی مسلح افواج اور عوام کی بہادری و قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔شرکا نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ قائداعظم محمد علی جناح کا 150واں یومِ پیدائش نوجوان نسل کو ان کے اصولوں، دوراندیشی اور پاکستان کے لیے ان کے وژن سے رہنمائی حاصل کرنے کی ترغیب دیتا رہے گا۔