پاکستان کی سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے گھنائونے فعل کی شدید الفاظ میں مذمت

foreign Ministry
foreign Ministry

اسلام آباد۔21جنوری (اے پی پی):پاکستان نے سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے گھنائونے فعل کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا ہے کہ شرمناک اور اشتعال انگیز اسلامو فوبیا کے اس فعل نے دنیا بھر کے ڈیڑھ ارب مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کی طرف سے جاری مذمتی بیان میں کہا گیا ہے ایسی کارروائیاں آزادی اظہار رائے کی آڑ میں کسی بھی اعتبار سے جائزنہیں ہیں۔ اسلام امن کا مذہب ہے اور پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسلمان تمام مذاہب کے احترام پر یقین رکھتے ہیں۔

ان اصولوں کی سب کو حمایت کرنی چاہیے۔ عالمی برادری کو اسلامو فوبیا، زینو فوبیا، عدم برداشت اور مذہب یا عقیدے کی بنیاد پر تشدد پر اکسانے کے خلاف مشترکہ عزم ظاہر کرنے اور بین المذاہب ہم آہنگی اور پرامن بقائے باہمی کے فروغ کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان کے تحفظات سے سویڈن کے حکام کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔ ہم ان پر زور دیتے ہیں کہ وہ پاکستانی عوام اور دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کا خیال رکھیں اور اسلامو فوبیا کی کارروائیوں کو روکنے کے لیے اقدامات کریں۔