پاکستان کی مضبوطی، خوشحالی اور قومی یکجہتی کیلئے تمام طبقات کو مل کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، فیصل کریم کنڈی
پاکستان کی مضبوطی، خوشحالی اور قومی یکجہتی کیلئے تمام طبقات کو مل کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، فیصل کریم کنڈی

مزید خبریں
مانسہرہ۔ 21 جون (اے پی پی):گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پاکستان کی اصل طاقت اس کی عوام ہیں اور قوم کے اتحاد سے ہی ملک مضبوط ہوتا ہے، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عظیم قربانیاں دی ہیں، شہداء کی قربانیاں ہمارے لیے مشعلِ راہ ہیں، نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ تعلیم، تحقیق اور محنت کو اپنا شعار بنائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چھتر پلین ضلع مانسہرہ میں جامعہ محمدیہ مجددیہ میں شہدائے اسلام و استحکام پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
تقریب میں حضرت مولانا سید چراغ الدین شاہ، سابق صوبائی وزیر سید احمد شاہ اور پاکستان پیپلز پارٹی ہزارہ ڈویژن کی سینئر قیادت، علماء کرام، سیاسی و سماجی شخصیات اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ علماء اور دانشور معاشرے میں اتحاد، برداشت اور اصلاح کو فروغ دیں، پاکستان ہمیشہ خطے میں امن، استحکام اور بھائی چارے کا خواہاں رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مؤقف ہمیشہ مذاکرات اور سفارت کاری کے فروغ پر مبنی رہا ہے، جبکہ مسلح افواج نے ہر دور میں ملک کے دفاع کو یقینی بنایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مضبوطی، خوشحالی اور قومی یکجہتی کےلیے تمام طبقات کو مل کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر انہوں نے مدرسہ کی نئی عمارت کا سنگِ بنیاد بھی رکھا۔ تقریب میں علماء کرام، مشائخ عظام اور میزبان پیر سید چراغ الدین شاہ نے بھی شہداء اسلام کی قربانیوں، قومی یکجہتی اور استحکامِ پاکستان کے موضوعات پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔مقررین نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں قوم کےلیے مشعلِ راہ ہیں۔








